تلنگانہ کے جئے شنکر بھوپال پلی میں ہاسٹل وارڈن کی طالبہ پر بے رحمانہ پٹائی، ویڈیو وائرل
تلنگانہ کے ضلع جے شنکر بھوپال پلی میں ایک ایس سی گرلز ہاسٹل کی وارڈن کی جانب سے ڈگری سال سوم کی طالبہ پر بے رحمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا لیکن ساتھی طالبات کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب منظرعام پر آیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جے شنکر بھوپال پلی میں ایک ایس سی گرلز ہاسٹل کی وارڈن کی جانب سے ڈگری سال سوم کی طالبہ پر بے رحمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا لیکن ساتھی طالبات کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب منظرعام پر آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہاسٹل وارڈن جس کی شناخت بھوانی کے طور پر کی گئی ہے نے ڈگری کی ایک طالبہ کو امتحان کے بعد ہاسٹل تاخیرسے پہنچنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اورتشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وارڈن طالبہ کو گندی گالیاں دے رہی ہے اور لکڑی و ہاتھوں سے اسے بے رحمی سے نشانہ بنارہی ہے۔ طالبہ کے بار بار رحم کی اپیل کرنے کے باوجود وارڈن نے اس پر تشدد جاری رکھا۔
تشدد کے دوران وارڈن کو یہ کہتے سنا گیا کہ تم نے بارہ بجے تک واپسی کا کہا تھا، کیا تمہیں وقت کا احساس نہیں؟ اگر تمہیں کچھ ہو جاتا تو میری نوکری کا کیا ہوتا؟ اسی دوران وارڈن نے فون کال آنے پر تھوڑی دیر وقفہ لیا اور پھر دوبارہ طالبہ پر ٹوٹ پڑی۔
اگرچہ یہ واقعہ 24 نومبر کو پیش آیا تھا لیکن ویڈیو اب وائرل ہوئی ہے جس نے سوشل میڈیا پر غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوامی حلقوں اور طلبہ تنظیموں نے اس غیر انسانی سلوک پر وارڈن کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور اسے عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔