شمالی بھارت

شادی کی سالگرہ کی خوشی میں میاں بیوی کارقص، دل کا دورہ پڑنے سے شوہر کی موقع پر ہی موت (ویڈیو وائرل)

یہ واقعہ نہ صرف خاندان بلکہ تمام مہمانوں کے لیے صدمے کا باعث بن گیا۔ خوشی کا موقع چند لمحوں میں ہی ماتم میں تبدیل ہو گیا۔

لکھنؤ:اتر پردیش کے بریلی شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 50 سالہ جوتے کے تاجر وسیم سروت اپنی شادی کی 25ویں سالگرہ کی خوشیاں مناتے ہوئے زندگی کی بازی ہار بیٹھے۔

متعلقہ خبریں
آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم میں تین منزلہ لاج کی عمارت منہدم
دل کا دورہ پڑنے سے ایس ایس سی طالبہ کی موت
سنبھل فساد عدالتی کمیشن کا کل دورہ
بہرائچ تشدد، فوری کارروائی کی جائے: پرینکا گاندھی
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار

ذرائع کے مطابق، وسیم سروت نے شادی کی سلور جوبلی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا تھا، جس میں عزیز و اقارب اور دوست احباب شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران جب وہ اپنی بیوی کے ساتھ اسٹیج پر رقص کر رہے تھے، اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ اسٹیج پر ہی گر پڑے۔

تقریب میں موجود لوگوں نے فوراً انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں شدید دل کا دورہ پڑا تھا اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔

یہ واقعہ نہ صرف خاندان بلکہ تمام مہمانوں کے لیے صدمے کا باعث بن گیا۔ خوشی کا موقع چند لمحوں میں ہی ماتم میں تبدیل ہو گیا۔

وسیم سروت کو بریلی کے کاروباری حلقہ میں ایک سلجھے ہوئے اور خوش مزاج شخص کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کے انتقال پر مقامی تاجروں، رشتہ داروں اور سماجی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں کسی مشتبہ پہلو کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے اور یہ قدرتی موت کا واقعہ لگ رہا ہے۔