بین الاقوامیسوشیل میڈیاقومی

واٹس ایپ کا نیا فیچر، اب پہلے سے شیڈول کرسکیں گے میسج! جانئے استعمال کا طریقہ

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے پیغامات پہلے سے شیڈول کیے جاسکیں گے۔ اب صارفین اپنی پسند کی تاریخ اور وقت مقرر کرکے پیغام بھیجنے کا انتظام کرسکتے ہیں۔ جانئے اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ اور اس کی خاص باتیں۔

حیدرآباد۔ مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کے لئے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کا صارفین کو کافی عرصہ سے انتظار تھا۔ اس فیچر کی مدد سے اب صارفین اپنے پیغامات پہلے ہی شیڈول کرسکیں گے، یعنی اپنی پسند کی تاریخ اور وقت مقرر کرکے پیغام خودکار طور (طے شدہ وقت پر) پر بھیجنے کا انتظام کرسکیں گے۔

اطلاعات کے مطابق اس اپ ڈیٹ کو عالمی سطح پر جاری کیا جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں مرحلہ وار تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی دوست کو رات 12 بجے سالگرہ کی مبارکباد دینی ہو، کسی کو امتحان سے پہلے نیک خواہشات کا پیغام بھیجنا ہو یا دفتر کے کسی کام کے سلسلہ میں یاد دہانی کرانی ہو۔ ایسے مواقع پر پیغام بھیجنے کا وقت یاد رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن واٹس ایپ کے نئے ’میسج شیڈولنگ‘ فیچر کے ذریعہ اب اس پریشانی سے نجات مل سکتی ہے۔

اس فیچر کے تحت صارفین اپنا پیغام پہلے سے لکھ کر کم از کم 10 منٹ بعد سے لے کر 14 دن تک کی مدت میں کسی بھی تاریخ اور وقت کے لئے شیڈول کرسکیں گے۔ یہ سہولت انفرادی چیٹ کے ساتھ گروپ چیٹ میں بھی دستیاب ہوگی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کرنا ہوگا:

  1. سب سے پہلے اس شخص یا گروپ کی چیٹ کھولیں جسے آپ پیغام بھیجنا چاہتے ہیں۔
  2. اپنا پیغام لکھیں یا تصویر اور ویڈیو منسلک کریں۔
  3. عام طور پر پیغام بھیجنے کے لیے استعمال ہونے والے ’سینڈ‘ بٹن کو دبانے کے بجائے اسے کچھ دیر تک دبا کر رکھیں۔
  4. اس کے بعد اسکرین پر تاریخ اور وقت منتخب کرنے کا آپشن ظاہر ہوگا۔
  5. اپنی پسند کی تاریخ اور وقت مقرر کرکے تصدیق کردیں۔ اس طرح آپ کا پیغام مقررہ وقت پر خودکار طور پر بھیج دیا جائے گا۔

اگر پیغام بھیجے جانے سے پہلے آپ کا ارادہ بدل جائے تو زیرِ التوا شیڈول شدہ پیغامات کو دیکھنے اور انہیں حذف کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

ابتدائی طور پر اس فیچر کے ذریعے ٹیکسٹ پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز شیڈول کیے جاسکیں گے۔ تاہم دستاویزات اور دیگر میڈیا فائلوں کو شیڈول کرنے کے بارے میں ابھی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اس فیچر کی ایک اہم خاصیت یہ بتائی جا رہی ہے کہ پیغام شیڈول کرنے کے بعد مقررہ وقت پر اسے بھیجنے کے لیے صارف کا فون آن یا انٹرنیٹ سے منسلک ہونا ضروری نہیں ہوگا۔ فون بند ہونے یا انٹرنیٹ کنکشن نہ ہونے کے باوجود بھی پیغام وصول کنندہ تک پہنچ جائے گا۔

اس کے علاوہ دوسرے شخص کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ پیغام پہلے سے شیڈول کیا گیا تھا، کیونکہ اسے عام پیغام کی طرح ہی دکھایا جائے گا۔ واٹس ایپ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن نظام کے تحت ان پیغامات کی رازداری بھی برقرار رہے گی۔

اس نئے فیچر کے متعارف ہونے سے صارفین کو اہم پیغامات وقت پر بھیجنے میں آسانی ہوگی اور انہیں مخصوص وقت پر پیغام بھیجنے کے لیے فون یاد رکھنے یا ہاتھ میں رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔