تلنگانہ میں باپ نے ہی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا
تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں خاندانی عزت کے نام پر ایک باپ کی جانب سے اپنی ہی بیٹی کو قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ بیٹی کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور صرف دو دن بعد اس کی منگنی ہونے والی تھی، لیکن اس دوران بیٹی کے ایک نوجوان سے محبت کے تعلق کا علم ہونے پر باپ نے مبینہ طور پر اس کا قتل کردیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں خاندانی عزت کے نام پر ایک باپ کی جانب سے اپنی ہی بیٹی کو قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ بیٹی کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور صرف دو دن بعد اس کی منگنی ہونے والی تھی، لیکن اس دوران بیٹی کے ایک نوجوان سے محبت کے تعلق کا علم ہونے پر باپ نے مبینہ طور پر اس کا قتل کردیا۔ بعد ازاں قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش بھی کی گئی۔ تاہم پولیس کی تحقیقات میں اصل حقیقت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق عادل آباد ضلع کے نارنور منڈل کے گاؤں عمری سے تعلق رکھنے والے آدے کیلاش اور سمترا کی 18 سالہ بیٹی کلیانی کی شادی کا رشتہ حال ہی میں طے کیا گیا تھا۔ 25 نومبر کو نارنور کے ایک نوجوان کے ساتھ اس کی منگنی مقرر تھی۔ گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 23 نومبر کو باپ نے بیٹی کے رویہ میں تبدیلی محسوس کی اور اس سے اس کی وجہ دریافت کی۔
باپ نے بیٹی سے سختی سے پوچھ گچھ کی۔ اس دوران کلیانی نے بتایا کہ اسے اپنی پھوپھی کے بیٹے سے محبت ہے۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق یہ بات سن کر باپ کیلاش شدید برہم ہوگیا۔ اسے خدشہ تھا کہ اس تعلق سے خاندان کی عزت متاثر ہوگی۔ اسی بات کو لے کر اس نے اپنی بیٹی کے خلاف انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
قتل کے بعد خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش
پولیس کے مطابق منگل کی علی الصبح تقریباً تین بجے، جب گھر کے تمام افراد سو رہے تھے، کیلاش اپنی بیٹی کے کمرے میں پہنچا اور مبینہ طور پر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ اس کے بعد لاش کو دوسرے کمرے میں لے جاکر دوپٹے کی مدد سے پھانسی پر لٹکا دیا تاکہ واقعہ خودکشی معلوم ہو۔
صبح تقریباً پانچ بجے جب ماں کی آنکھ کھلی تو اس نے بیٹی کو مردہ حالت میں لٹکا ہوا دیکھا۔ اس کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ بھی جمع ہوگئے۔ ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا معاملہ سمجھا گیا۔
جلد بازی میں آخری رسومات، پولیس کو ہوا شبہ
واقعہ کے چند گھنٹوں کے اندر ہی عجلت میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ اس غیر معمولی جلد بازی اور دیگر حالات نے پولیس کے ذہن میں شبہ پیدا کیا۔ پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔
تفتیش کے دوران پولیس نے کلیانی کے والد کیلاش کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ بتایا گیا کہ اس نے اپنی بیٹی کے پھوپھی کے بیٹے سے محبت کے تعلق کا علم ہونے اور خاندان کی عزت متاثر ہونے کے خوف سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
سرکل انسپکٹر کے مطابق ملزم نے ابتدا میں واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن پولیس کی پوچھ گچھ میں اصل حقیقت سامنے آگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
(بشکریہ: Tv9 تلگو)