حیدرآباد

دیوالی پر چارمینار کے قریب بھاگیہ لکشمی مندر میں بھکتوں کا ہجوم

دیوالی کے موقع پر چارمینار کے قریب واقع بھاگیہ لکشمی مندر میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، طویل قطاریں گلزار حوض تک پہنچ گئیں، ہجوم کو منظم رکھنے کے لیے پولیس نے خصوصی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے۔

حیدرآباد: دیوالی کے موقع پر حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کے قریب واقع بھاگیہ لکشمی مندر میں ہزاروں شردھالووں نے حاضری دیتے ہوئے خصوصی پوجا۔ اتوار کی صبح سے ہی مندر میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طویل قطاریں گلزار حوض تک پہنچ گئیں۔

شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے افراد خاندان کے ساتھ مندر پہنچے۔ تہوار کے پیش نظر مندر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر کئی اہم شخصیات اور وی آئی پیز نے بھی مندر پہنچ کر پوجا کی۔

شردھالووں کی غیر معمولی بھیڑ کے پیش نظر حیدرآباد پولیس کی جانب سے چارمینار اور مندر کے اطراف وسیع تر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے تھے۔ اہم مقامات پر پولیس عہدیدار تعینات کیے گئے تاکہ ہجوم کو منظم رکھنے کے ساتھ ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر نہ ہو۔

پولیس نے مندر انتظامیہ کے تعاون سے اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے بھیڑ پر نظر رکھی اور عقیدت مندوں کے لیے درشن کے عمل کو سہل بنانے کے اقدامات کیے۔