چاول کی قیمتوں کو لے کر حیدرآباد میں بڑی کارروائی
حکومت کی جانب سے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر چاول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ، سیول سپلائز اور لیگل میٹرولوجی کی مشترکہ مہم میں 400 سے زائد معائنے اور 20 فوجداری مقدمات درج۔
: آج حیدرآباد کے علاقہ ملک پیٹ میں واقع ایک ہول سیل شاپ کا معائنہ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے چاول کی قیمتیں بالترتیب 79، 74 اور 66 روپے مقرر کی گئی ہیں، تاہم بعض افراد مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر چاول فروخت کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے یہ معائنہ کیا گیا۔
عہدیدار نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر چاول فروخت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں اور انسپکٹرس کی جانب سے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر محکمہ سیول سپلائز کے عہدیدار بھی موجود ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں مقررہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر چاول فروخت کیے جا رہے ہوں تو اس کی شکایت درج کروائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہول سیلرس، ریٹیلرس اور مقامی دکانداروں، تمام کے خلاف معائنوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور خلاف ورزیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی ریٹیلر کو چاول کی ضرورت ہو تو اسے 62 اور 74 روپے کے مقررہ نرخوں پر راست مل پوائنٹ سے ریٹیلر پوائنٹ تک چاول کی سربراہی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
عہدیدار کے مطابق محکمہ سیول سپلائز کی ٹاسک فورس اور محکمہ لیگل میٹرولوجی نے مشترکہ طور پر 400 سے زائد معائنے انجام دیے ہیں، جن کے دوران 20 فوجداری مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
جن دکانداروں کے پاس لیگل میٹرولوجی کا تجدید شدہ لائسنس موجود نہیں تھا، انہیں فوری طور پر لائسنس کی تجدید کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح ٹریڈ لائسنس نہ رکھنے والے دکانداروں کو بھی فوری طور پر لائسنس حاصل کرنے یا اس کی تجدید کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معائنوں کے دوران سامنے آنے والی تمام بے قاعدگیوں کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے انہیں درست کروایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی سنگین معاملہ سامنے آتا ہے تو بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت بھی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔
راشن شاپس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فی الحال مستحقین کو صرف چاول اور 40 فیصد گیہوں فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ چینی سربراہ نہیں کی جا رہی ہے۔ گزشتہ اپریل سے حیدرآباد میں کسی کو بھی چینی کی سربراہی عمل میں نہیں آئی ہے۔