حیدرآباد کی جے این ٹی یو یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کھانے سے گھونگا برآمد، طلبہ میں ناراضگی
چھپکلی کے بعد اب منجیرا ہاسٹل کے سمبر میں گھونگا ملنے کا انکشاف، طلبہ نے میس عملے اور یونیورسٹی انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
حیدرآباد: شہر کی جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (جے این ٹی یو۔حیدرآباد) کے ہاسٹل میں طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے میں غیر معیاری اشیاء کی شکایات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تقریباً 10 دن قبل سالن میں چھپکلی نظر آنے کے واقعہ کے بعد اب منجیرا ہاسٹل میں سامبر سے گھونگا برآمد ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی رات ایک طالب علم ہاسٹل میں رات کا کھانا کھا رہا تھا۔ اس نے چاول کے ساتھ سامبر لیا اور چند نوالے کھانے کے بعد اس کی پلیٹ میں گھونگا نظر آیا۔ یہ دیکھ کر طالب علم شدید پریشان ہوگیا اور کھانا ادھورا چھوڑ کر اٹھ گیا۔
ہاسٹل کے طلبہ کے مطابق، ابتدائی طور پر کھانا تقسیم کرنے والے عملے نے اس معاملے کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی اور دعویٰ کیا کہ پلیٹ میں موجود چیز گھونگا نہیں ہے۔ تاہم طالب علم کی جانب سے احتجاج کرنے پر عملے نے بالآخر بالٹی میں موجود سمبر کو ہٹا دیا۔
ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متاثرہ طالب علم کا تعلق شمالی ہندوستان سے ہے۔ اس نے سامبر کے ساتھ چاول کھانا شروع کیا تھا، لیکن چند نوالوں کے بعد پلیٹ میں گھونگا دیکھ کر کھانا چھوڑ دیا۔ طالب علم کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں اور بارہا شکایت کرنے کے باوجود ہاسٹل کے کھانے کے معیار اور صفائی ستھرائی میں بہتری نہیں آرہی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 10 دن قبل بھی طلبہ کو رات کے کھانے میں پیش کیے گئے سالن میں ایک چھپکلی دیکھی گئی تھی۔ اس وقت کئی طلبہ کھانا کھا چکے تھے، تب جاکر سالن کے برتن میں چھپکلی کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔
مسلسل پیش آنے والے ان واقعات کے بعد بڑی تعداد میں طلبہ نے ہاسٹل میں احتجاج کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔ احتجاج کرنے والے طلبہ نے میس عملے پر کھانے کے معیار اور صفائی کے معاملے میں لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہاسٹل میں فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کی جانچ اور حفظان صحت کے انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔