حیدرآبادسوشیل میڈیا

دیوالی کے پٹاخوں سے پرندوں اور جانوروں پر قہر، حیدرآباد میں کئی واقعات

دیوالی کے پٹاخوں کی تیز آوازوں اور روشنی سے خوفزدہ ہوکر حیدرآباد میں کئی جانور بدحواسی میں بھاگنے لگے۔ میڈی پلی میں کنویں میں گرنے سے ایک بلی کی موت ہوگئی، جبکہ AWCS کے رضاکاروں نے پھنسے ہوئے کتوں اور بورویل میں گرے ایک پلے کو بحفاظت بچایا۔

حیدرآباد: دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخوں کے کان پھاڑ دینے والے دھماکوں نے شہر میں پرندوں اور جانوروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا۔ پٹاخوں کی تیز آوازوں اور روشنی کی چمک سے خوفزدہ ہوکر کئی جانور بدحواسی کے عالم میں ادھر اُدھر بھاگنے لگے، جبکہ جانوروں کے تحفظ اور بچاؤ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو اتوار اور پیر کے روز متعدد ہنگامی فون کالز موصول ہوئیں۔

اطلاعات کے مطابق حیدرآباد اور اس کے اطراف کئی مقامات پر خوفزدہ کتے بھاگتے ہوئے گیٹوں اور تنگ جگہوں میں پھنس گئے۔ میڈی پلی میں ایک بلی خوف کے باعث کنویں میں کود گئی، جہاں اس کی موت ہوگئی۔

اینیمل واریرس کنزرویشن سوسائٹی (AWCS) نے شہر کے مختلف علاقوں میں تنگ جگہوں پر پھنسے تین کتوں کو بحفاظت نکالا۔ تنظیم کے مطابق ایسے کئی واقعات بھی پیش آئے جن کی اطلاع نہیں مل سکی۔ ایک اور واقعہ میں سدی پیٹ ضلع کے گجویل میں ایک پلے کے بورویل میں گرنے کی اطلاع ملی، جس پر AWCS کے رضاکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت باہر نکالا اور اس کی ماں سے دوبارہ ملادیا۔

انہوں نے بتایا کہ پٹاخوں کی مسلسل آوازوں کے اثرات سے جانوروں کو معمول پر آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آتش بازی کے نتیجے میں فضا میں پھیلنے والی کیمیائی آلودگی اور باقیات بھی جانوروں کی صحت پر چند دنوں تک منفی اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔