حیدرآباد: روڈی شیٹ بند ہونے کی خوشی میں مجرا پارٹی، 52 گرفتار
فارم ہاؤس میلاردیو پلی پولیس اسٹیشن کے ایک سابق روڈی شیٹر بابا خان کا بتایا جاتا ہے جس نے حال ہی میں اپنی روڈی شیٹ بند ہونے پر اپنے فارم ہاؤس پر اپنے دوستوں کے لئے مجرا پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔

حیدرآباد: اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی)، شمش آباد نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب یہاں چار زنخوں (ہجڑوں) سمیت 52 افراد کو گرفتار کرکے ایک مجرا پارٹی کا پردہ فاش کیا۔
پولیس نے ان کے قبضے سے 4 چاقو، 5 حقے اور 49 موبائل فون برآمد کر لئے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصدقہ اطلاع پر ایس او ٹی شمش آباد نے اتوار کی علی الصبح 3 بجے شہر کے مضافات نارکوڈا گاؤں میں واقع سلیم فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا اور 52 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں چار ہجڑے (خواجہ سرا) بھی شامل ہیں جو مجرا پارٹی میں شریک تھے۔

فارم ہاؤس میلاردیو پلی پولیس اسٹیشن کے ایک سابق روڈی شیٹر بابا خان کا بتایا جاتا ہے جس نے حال ہی میں اپنی روڈی شیٹ بند ہونے پر اپنے فارم ہاؤس پر اپنے دوستوں کے لئے مجرا پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔
اس پارٹی میں میلاردیو پلی کے 4 دیگر روڈی شیٹرز (یاسین، محبوب، اظہر اور سہیل) نے بھی شرکت کی تھی۔
تمام گرفتار شدگان کو ضروری کارروائی کے لئے شمش آباد پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔