حیدرآباد

حیدرآباد میں بارش: حمایت ساگر کے دو دروازے کھول دیئے گئے

فی الحال، حمایت ساگر میں پانی کی آمد 1200 کیوسک ہے جبکہ اخراج تقریباً 700 کیوسک ہے۔ اس ذخیرہ آب کے جملہ 17 گیٹ ہیں جن میں سے دو کو کھول دیا گیا ہے۔

حیدرآباد: مانسون کے مسلسل سرگرم رہنے کے نتیجہ میں شہر اور اس کے مضافاتی آبگیر علاقوں میں لگاتار بارش ہورہی ہے جس کے پیش نظر شہر کے دو اہم ذخائر آب عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) اور حمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں
بارش سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں بی آر ایس حکومت یکسر ناکام: کانگریس

حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (HMWS&SB) کے عہدیداروں نے پانی کے مسلسل بہاؤ اور آمد کو دیکھتے ہوئے آج (جمعہ) کے روز حمایت ساگر کے دو گیٹ کھول دیئے تاکہ اضافی پانی کو موسیٰ ندی میں چھوڑا جاسکے۔

رنگاریڈی میں مقامی ضلع انتظامیہ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ پولیس کے سینئر عہدیداروں کو اس پیشرفت کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ اس کے ساتھ منیجنگ ڈائرکٹر، ایچ ایم ڈبلیو ایس اینڈ ایس بی، دانا کشور نے بتایا کہ مقامی حکام کو چوکس رہنے کو کہا گیا ہے۔

فی الحال، حمایت ساگر میں پانی کی آمد 1200 کیوسک ہے جبکہ اخراج تقریباً 700 کیوسک ہے۔ اس ذخیرہ آب کے جملہ 17 گیٹ ہیں جن میں سے دو کو کھول دیا گیا ہے۔

حمایت ساگر میں پانی کی موجودہ سطح 1762.75 فٹ ہے جبکہ اس کا فل ٹینک لیول 1763.50 فٹ ہے۔ اس میں پانی کی جملہ گنجائش 2.970 ٹی ایم سی) ہے اور فی الوقت اس میں 2.650 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔

دوسری طرف عثمان ساگر (گانڈی پیٹ) ذخیرہ آب میں اس کے آبگیر علاقوں سے روزانہ 700 کیوسک پانی کی آمد ہو رہی ہے۔

عثمان ساگر ذخیرہ آب کی جملہ گنجائش 3.9 ٹی ایم سی ہے اور آج اس میں 2.76 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔ گندی پیٹ میں موجودہ پانی کی سطح 1785.15 فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی مکمل گنجائش 1790 فٹ ہے۔