حیدرآباد میں اسکول پکنک کے دوران دردناک حادثہ، جھولے کی زد میں آکر چوتھی جماعت کے طالب علم کی موت
شہر میں اسکول کی جانب سے منعقدہ تفریحی دورہ (پکنک) کے دوران پیش آئے ایک افسوسناک حادثہ میں چوتھی جماعت کے 10 سالہ طالب علم کی موت ہوگئی جبکہ ایک دوسرا طالب علم زخمی ہوگیا۔
حیدرآباد: شہر میں اسکول کی جانب سے منعقدہ تفریحی دورہ (پکنک) کے دوران پیش آئے ایک افسوسناک حادثہ میں چوتھی جماعت کے 10 سالہ طالب علم کی موت ہوگئی جبکہ ایک دوسرا طالب علم زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ 21 نومبر کو پیش آیا جب خانگی اسکول کے طلبہ پکنک کے لئے لوٹس پونڈ پارک (Lotus Pond Park) پہنچے تھے۔
اطلاعات کے مطابق اسکول انتظامیہ نے طلبہ کے لئے بکنک کا انتظام کیا تھا۔ اس دوران بچے پارک میں نصب ایک بڑے لوہے کے جھولے پر کھیل رہے تھے جس میں بیک وقت 10 بچوں کے بیٹھنے کی گنجائش بتائی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جھولے پر 10 طلبہ بیٹھے ہوئے تھے، جبکہ دیگر چار بچے اسے پیچھے سے دھکا دے رہے تھے۔ اسی دوران دو بچوں نے جھولے کو دھکا دینا بند کردیا، تاہم باقی دو بچے اسے آگے پیچھے جھلاتے رہے۔
اسی دوران جھولے کو دھکا دے رہا ایک طالب علم اپنا توازن برقرار نہیں رکھ سکا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب اس نے نیچے کی جانب دیکھا تو حرکت کرتا ہوا بھاری جھولا اس سے اور قریب موجود ایک دوسرے طالب علم سے ٹکرا گیا۔
حادثہ میں دونوں بچے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے 10 سالہ طالب علم کو ہاسپٹل پہنچنے سے پہلے ہی مردہ قرار دے دیا۔ اسے چہرے اور کمر کے حصے میں شدید چوٹیں آئی تھیں، جبکہ دوسرے طالب علم کو معمولی زخم آئے۔
واقعہ کے بعد مہلوک طالب علم کے والد شنکر راؤ نے اسکول انتظامیہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسکول انتظامیہ نے پکنک کے دوران بچوں کی حفاظت اور نگرانی کے مناسب انتظامات نہیں کیے تھے۔
والد نے یہ بھی الزام لگایا کہ بچوں کو جھولے کی مقررہ گنجائش سے زیادہ تعداد میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
والد کی شکایت کی مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس مصروف تحقیقات ہے۔