سوشیل میڈیاقومیمہاراشٹرا

40 سال سے تنہا رہنے والی بزرگ خاتون کی موت، بیٹوں کی تلاش کیلئے پڑوسیوں کی اپیل وائرل

ملک کے بڑے شہروں میں تنہا زندگی گزارنے والے بزرگوں کی مشکلات کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ممبئی میں تقریباً 40 سال سے اکیلی رہنے والی ایک بزرگ خاتون للتا کرشن مورتی کی 13 نومبر کو موت ہوگئی۔ ان کی موت کے بعد پڑوسیوں نے ان کے افرادخاندان خصوصاً بیٹیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

ممبئی: ملک کے بڑے شہروں میں تنہا زندگی گزارنے والے بزرگوں کی مشکلات کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ممبئی میں تقریباً 40 سال سے اکیلی رہنے والی ایک بزرگ خاتون للتا کرشن مورتی کی 13 نومبر کو موت ہوگئی۔ ان کی موت کے بعد پڑوسیوں نے ان کے افرادخاندان خصوصاً بیٹیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، للتا کرشن مورتی کا تعلق چینائی سے تھا لیکن وہ گزشتہ تقریباً 40 سالوں سے ممبئی میں تنہا رہ رہی تھیں۔ ان کی موت کے بعد عمارت میں رہنے والے پڑوسیوں نے آگے بڑھ کر آخری رسومات سے متعلق ضروری کارروائیاں مکمل کرنے میں مدد کی۔

خاتون کے افراد خاندان کا پتہ لگانے کے لئے پڑوسیوں نے ایک اخبار میں اشتہار بھی شائع کروایا۔ اس میں ان کی موت کی اطلاع دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی گئی کہ اگر کسی کو ان کی بیٹیوں یا دیگر رشتہ داروں کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ اشتہار میں دئے گئے نمبروں پر رابطہ کرے۔

کشور سبرامنیم نامی ایک شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس اشتہار کی تصویر شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ اشتہار میں دئے گئے ایک نمبر پر رابطہ کرنے کے بعد ان کی بات پون شیٹی سے ہوئی۔ گفتگو کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ للتا تقریباً 40 سال سے تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔

کشور سبرامنیم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ صرف ایک خاتون کی کہانی نہیں، بلکہ ہمارے شہروں میں ایسے کئی بزرگ موجود ہیں جو زندگی کے آخری دنوں میں تنہائی کا شکار ہیں۔ بچے بہتر مستقبل کی تلاش میں دوسرے شہروں یا ملکوں میں چلے جاتے ہیں اور کئی مرتبہ برسوں تک والدین سے ملاقات نہیں ہو پاتی۔ فون پر بات چیت بھی کم ہوتی جاتی ہے اور ملاقات کا وعدہ کرتے کرتے کئی سال گزر جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مشترکہ خاندانوں کا نظام ختم ہونے اور خاندانی رشتوں میں دوری بڑھنے سے کئی بزرگ تنہا رہ جاتے ہیں۔ بعض بزرگ اپنی تکلیف کسی سے بیان نہیں کرتے لیکن دل میں اپنے بچوں اور رشتہ داروں سے ملنے کی خواہش برقرار رہتی ہے۔

اس واقعہ کے سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے ممبئی کے ان پڑوسیوں کی تعریف کی جنہوں نے خاتون کی آخری رسومات کے انتظامات میں مدد کی۔ صارف نے انہیں خاتون کے حقیقی رشتہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کی انسانیت قابل ستائش ہے۔

اس واقعہ نے ایک بار پھر شہروں میں تنہا رہنے والے بزرگوں کی زندگی اور ان کی دیکھ بھال کے مسئلے کو بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔