تین سالہ بچہ کی شناخت پر تنازعہ، تاج محل میں سی آئی ایس ایف اور سیاح ساجد کے درمیان جھگڑا (ویڈیو)
تین سالہ بیٹے کے تقریباً پانچ منٹ تک لاپتہ رہنے کے بعد سی آئی ایس ایف اہلکار کے پاس ملنے پر شناخت کا معاملہ سامنے آیا۔ دہلی کے سیاح ساجد نے آدھار کارڈ طلب کرنے اور اپنے بہنوئی کو زدوکوب کرنے کا الزام لگایا
آگرہ: تاج محل کی مشرقی جانب واقع گیٹ پر ایک سیاح نے سنٹرل انڈسٹرئیل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے عہدیداروں پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ مارپیٹ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے سیاح ساجد کے مطابق، یہ واقعہ ان کے تین سالہ بیٹے کی شناخت کے لیے آدھار کارڈ طلب کرنے پر پیش آیا۔ تاہم سی آئی ایس ایف کے ایک عہدیدار نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وی آئی پی گیٹ کے استعمال کو لے کر سیاح اور فورس کے اہلکاروں کے درمیان بحث ہوئی تھی۔
ساجد نے بتایا کہ تاج محل کے اندر ان کا تین سالہ بیٹا تقریباً پانچ منٹ کے لیے لاپتہ ہوگیا تھا، بعد ازاں وہ ایک سی آئی ایس ایف اہلکار کے پاس ملا۔ اس دوران اہلکاروں نے بچے کی شناخت اور اس کے ساتھ رشتہ ثابت کرنے کے لیے آدھار کارڈ طلب کیا۔
ساجد کے مطابق، انہوں نے اپنے موبائل فون میں موجود اپنی اور بچے کی تصاویر کے علاوہ بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی دکھایا، تاکہ یہ ثابت کیا جاسکے کہ بچہ ان کا بیٹا ہے۔ تاہم ان کا الزام ہے کہ اہلکار آدھار کارڈ پر اصرار کرتے رہے اور دستاویز پیش نہ کرنے کی صورت میں چار دن بعد بچہ واپس دینے کی بات کہی۔
ساجد نے مزید الزام لگایا کہ اس دوران سی آئی ایس ایف اہلکاروں نے ان کا موبائل فون چھین لیا اور ان کے بہنوئی آزاد کو شدید زدوکوب کیا، جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگئے۔ بعد ازاں انہیں علاج کے لیے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب تاج محل کی سپرنٹنڈنگ آرکیالوجسٹ ڈاکٹر اسمیتا ایس کمار نے کہا کہ انہیں سیاحوں اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے متعلقہ عہدیداروں سے واقعے کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سی آئی ایس ایف کمانڈنٹ سے بھی وضاحت طلب کی جائے گی اور دہلی میں متعلقہ حکام کو تحریری طور پر اس معاملے سے واقف کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ واقعے کے حوالے سے سیاح اور سی آئی ایس ایف کا موقف مختلف ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفصیلات رپورٹ اور متعلقہ حکام کی وضاحت کے بعد سامنے آئیں گی۔