
حیدرآباد: شہر کے حمایت ساگر روڈ کے قریب پیر 23 نومبر کو حملہ میں شدید زخمی ہونے والے ہسٹری شیٹر مرتضیٰ پہلوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مرتضیٰ پہلوان حمایت ساگر روڈ کے قریب اپنی زمین پر 2 سے 3 دیگر افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران 8 سے 10 افراد پر مشتمل ایک گروپ نے ان پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
انہیں فوری طور پر جرمنٹن ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
واقعہ کے بعد راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حملے کی وجوہات اور اس میں ملوث افراد سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
دریں اثنا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی حلقہ بہادرپورہ اور انچارج راجندر نگر محمد مبین نے مرتضیٰ پہلوان پر حملے کی اطلاع ملنے کے بعد ہاسپٹل پہنچ کر ان کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے ان کی حالت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔