حیدرآباد: ماہنامہ "اصلاح معاشرہ” کی تقریب رونمائی میں صدر تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری کا خطاب
تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدر طارق انصاری نے کہا ہے کہ غیر ضروری رسومات اور بے جا اخراجات نے ملت اسلامیہ کی معیشت کو متاثر کیا ہے، اور اگر بر وقت اس جانب توجہ نہ دی گئی تو یہ صورتحال ملت میں اضطراب پیدا کر سکتی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدر طارق انصاری نے کہا ہے کہ غیر ضروری رسومات اور بے جا اخراجات نے ملت اسلامیہ کی معیشت کو متاثر کیا ہے، اور اگر بر وقت اس جانب توجہ نہ دی گئی تو یہ صورتحال ملت میں اضطراب پیدا کر سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل رائل گیسٹ ہاؤس ٹولی چوکی میں ماہنامہ "اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات” کی تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران کیا۔
طارق انصاری نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کی موجودہ حالات میں اشد ضرورت ہے اور اس کے فروغ کے لیے ایم اے نعیم اور ان کے رفقاء قابلِ ستائش کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ رسالہ نہ صرف قوم و ملت کی اصلاح کا ذریعہ بنے گا بلکہ اردو زبان کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
تقریب میں سیرت مصطفےٰ ﷺ پر مبنی کوئیز مقابلوں کے فاتح طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ ایم اے نعیم نے بتایا کہ ماہ مقدس کے موقع پر منعقدہ مقابلوں میں دو سو شرکاء نے حصہ لیا اور تمام کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ موضوعاتی مشاعرہ بھی منعقد ہوا جس میں شہر کے ممتاز شعراء ڈاکٹر روف خیر، ارشد شرفی، سعداللہ لان سبیل، لطیف الدین لطیف، عبدالرشید ارشد اور بصیر خالد نے اپنا کلام پیش کیا۔ سعداللہ لان سبیل نے کہا کہ ماہنامہ کا بنیادی مقصد صالح اور معیاری ادب کی تبلیغ ہے، جس میں ہر ماہ علماء کرام کے بصیرت افروز مضامین کے ساتھ مستند شعراء کا کلام شائع کیا جائے گا۔
اجلاس کی کارروائی مولانا ممشاد علی صدیقی نے چلائی جبکہ ڈاکٹر تنظیم عالم قاسمی نے دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا۔ آخر میں صدر "اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات” قاضی سید اعجازاللہ قادری نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔