حیدرآباد

حیدرآباد: چارمینار زون میں آزادی کے مجاہدین کو خراج عقیدت

اس موقع پر جناب ایم اے صدیقی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز تنظیم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ جناب محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آواز کے قائدین عوامی مسائل کے حل کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

حیدرآباد: آواز چارمینار زون کمیٹی کے زیرِ اہتمام اردو گھر مغل پورہ میں ’’جنگِ آزادی میں مسلمانوں کی عظیم قربانیاں‘‘ کے عنوان سے ایک جلسہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت جناب عبد الستار، سٹی سکریٹری آواز نے کی جبکہ ریاستی سکریٹری محمد عباس مہمانِ خصوصی تھے۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
عالمی یومِ معذورین کے موقع پر معذور بچوں کے لیے تلنگانہ حکومت کی مفت سہولتوں کا اعتراف مولانا مفتی صابر پاشاہ
تحفظِ اوقاف ہر مسلمان کا مذہبی و سماجی فریضہ: ڈاکٹر فہمیدہ بیگم
محکمہ تعلیم کے سبکدوش اساتذہ کو شاندار اعزاز، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
دعا اللہ کی قربت کا دروازہ، مومن کا ہتھیار ہے: مولانا صابر پاشاہ قادری

محمد عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ 15 اگست انگریزوں کے ظلم و ستم سے نجات کا دن ہے لیکن افسوس کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے اپنے خطاب میں ان مجاہدینِ آزادی کا ذکر کرنے کے بجائے آر ایس ایس اور گولوالکر کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گولوالکر نے انگریزوں کو جیل سے بچنے کے لیے کئی خطوط لکھے تھے اور انگریزوں کی غلامی قبول کرنے کی بات کی تھی۔ ایسے مفاد پرست اور فرقہ پرست ذہن رکھنے والوں کی تعریف کرنا بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان، اشفاق اللہ خان، حضرت شوکت عثمانی، مولانا ابوالکلام آزاد، سراج الدولہ اور دیگر بے شمار مسلم مجاہدین نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کی قربانی دی۔ اسی تلنگانہ کی محترمہ رخیہ نے ترنگے کا ماڈل پیش کر کے تاریخ میں نام درج کرایا۔ ان عظیم شخصیات کو فراموش کرتے ہوئے گاندھی کے قاتل گاڈسے اور آر ایس ایس کی تعریف کرنا قوم کے لیے باعثِ افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں فرقہ پرست حکمران مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ بہار میں 35 لاکھ مسلمانوں کے ووٹ کاٹ دیے گئے اور دیگر ریاستوں میں بھی اسی طرح کے رویے اپنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تلنگانہ میں موجودہ حکومت کو بیدار رہتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔

اس موقع پر جناب ایم اے صدیقی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز تنظیم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ جناب محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آواز کے قائدین عوامی مسائل کے حل کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آواز تنظیم کی جانب سے کئی بلدی مسائل، اسٹریٹ لائٹ اور ڈبل بیڈ روم مکانات کے معاملات حل کیے گئے ہیں اور مزید مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد جاری ہے۔ اس جلسے میں جناب منیر الدین مجاہد، سینئر ایکٹیوسٹ جناب ہلال عظمی صدر آواز کمیٹی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔