فرش کی صفائی کیلئے پینے کا پانی استعمال کرنا مہنگا پڑگیا
جوبلی ہلز کی جرنلسٹ کالونی میں واٹر بورڈ کے معائنے کے دوران خلاف ورزی کا انکشاف، کمپنی کا سیوریج کنکشن عارضی طور پر منقطع، شہریوں سے پانی کے غلط استعمال کی اطلاع دینے کی اپیل۔
حیدرآباد میں پینے کے پانی کے ضیاع اور اس کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے جوبلی ہلز میں واقع ایک کمپنی پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ کمپنی پر الزام ہے کہ اس کے احاطے میں فرش کی صفائی کے لیے پینے کے پانی کا استعمال کیا جارہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے جوبلی ہلز کے جرنلسٹ کالونی، روڈ نمبر 70 پر واقع اکشے کلپا فارمس اینڈ فوڈس پرائیویٹ لمیٹڈ کے احاطے کا معائنہ کیا۔ اس دوران پینے کے پانی کے غلط استعمال کا پتہ چلنے پر کمپنی پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ عہدیداروں نے عارضی طور پر کمپنی کا سیوریج کنکشن بھی منقطع کردیا۔
واٹر بورڈ نے موسم گرما سے قبل پینے کے پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے شہر بھر میں معائنوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ عہدیداروں نے شہریوں اور تجارتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ پینے کے پانی کا استعمال صرف ضروری کاموں، جیسے پینے اور کھانا پکانے کے لیے کریں۔
عہدیداروں نے فرش کی صفائی، گاڑیوں کو دھونے، باغیچوں میں پانی ڈالنے اور تعمیراتی کاموں کے لیے پینے کے پانی کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کاموں کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سے حاصل ہونے والے صاف کیے گئے گندے پانی کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واٹر بورڈ نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں معائنے جاری رہیں گے اور پانی کے تحفظ سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کہیں پینے کے پانی کا ضیاع یا غلط استعمال دیکھا جائے تو اس کی اطلاع مقام کی تفصیلات، تصاویر یا ویڈیوز کے ساتھ اسکرین پر دیئے گئے واٹر بورڈ کے واٹس ایپ نمبر
99499 30003 پر دیں۔
واٹر بورڈ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد کے قیمتی آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔