حیدرآباد

حیدرآباد کی تھمّی ڈیکنٹہ جھیل کی کایا پلٹ، اب شہریوں کے لیے پسندیدہ تفریحی اور واکنگ مقام

HYDRAA کمشنر اے وی رنگناتھ نے ہفتہ کے روز بحال شدہ جھیل کا دورہ کیا اور وہاں آنے والے شہریوں اور واکرس کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے سہولتوں اور انتظامات کے بارے میں ان کی رائے حاصل کی۔

حیدرآباد: کبھی بدبو اور گندگی کے لیے مشہور رہنے والی مادھاپور کی تھمّی ڈیکنٹہ جھیل کی بحالی کے بعد اب یہ علاقہ شہریوں کے لیے صبح و شام چہل قدمی کا پسندیدہ مقام بن گیا ہے۔

HYDRAA کمشنر اے وی رنگناتھ نے ہفتہ کے روز بحال شدہ جھیل کا دورہ کیا اور وہاں آنے والے شہریوں اور واکرس کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے سہولتوں اور انتظامات کے بارے میں ان کی رائے حاصل کی۔

اس موقع پر واکرس نے جھیل کے اطراف کیے گئے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد جھیل میں موجود واکنگ ٹریک، جدید اوپن جم، بچوں کے کھیلنے کے مقامات اور خوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے پانچ کلومیٹر تک کا سفر کرکے یہاں پہنچتے ہیں۔

تاہم، شہریوں نے کچھ بنیادی سہولتوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے اور واش رومس کی بہتر صفائی و دیکھ بھال کا مطالبہ کیا۔

مقامی افراد نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ جھیل میں پانی بھرنے سے اطراف کے ماحول میں مزید سرسبزی پیدا ہوگی اور یہ مقام مزید خوبصورت بن جائے گا۔

شہریوں کی تجاویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے HYDRAA کمشنر اے وی رنگناتھ نے تیقن دیا کہ ان کی آراء پر غور کیا جائے گا اور سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

تھمّی ڈیکنٹہ جھیل کی بحالی کے بعد اس علاقے نے ایک تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کے مرکز کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔