حائیڈرا حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر قبضوں کو ہٹانے کیلئے مہم چلائے گی
کمشنر رنگناتھ نے وضاحت کی کہ فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے والے تاجروں کو پہلے نوٹس دی جائے گی تاکہ وہ خود اپنا سامان ہٹا سکیں۔ اس مہم کے دوران پاور ٹرانسفارمرز، ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز اور کوڑے کے ڈبوں کے ارد گرد موجود رکاوٹوں کو بھی ہٹانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

حیدرآباد: حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسسٹ پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) جلد ہی شہر کی سڑکوں پر فٹ پاتھوں پر کیے گئے مستقل قبضوں کو ہٹانے کیلئے مہم شروع کرے گی۔ یہ فیصلہ مشترکہ جائزہ میٹنگ کے دوران کمشنر اے وی رنگناتھ کی قیادت میں کیا گیا۔
کمشنر رنگناتھ نے وضاحت کی کہ فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے والے تاجروں کو پہلے نوٹس دی جائے گی تاکہ وہ خود اپنا سامان ہٹا سکیں۔ اس مہم کے دوران پاور ٹرانسفارمرز، ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز اور کوڑے کے ڈبوں کے ارد گرد موجود رکاوٹوں کو بھی ہٹانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید برآں، رنگناتھ نے بتایا کہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے حائیڈرا محکمہ ٹریفک کے ساتھ مل کر کام کرے گی، تاکہ ٹریفک کے اوقات میں بھیڑ کو قابو کیا جا سکے اور سڑکوں کو بہتر طور پر استعمال کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے باقاعدہ طور پر حائیڈرا کو مزید اختیارات دیتے ہوئے عوامی اثاثوں جیسے سڑکیں، نالے، گلیاں، آبی ذخائر، کھلی جگہیں اور عوامی پارکوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔