مہاراشٹرا

بی جے پی میرے لئے مہم نہ چلائے میں اس پر اصرار نہیں کرتا:نواب ملک

مانخورد شیواجی نگر کے این سی پی امیدوار اور سابق وزیر نواب ملک نے آج بی جے پی سے کہا کہ وہ ان کے لئے انتخابی مہم نہ چلائے۔

ممبئی (آئی اے این ایس) مانخورد شیواجی نگر کے این سی پی امیدوار اور سابق وزیر نواب ملک نے آج بی جے پی سے کہا کہ وہ ان کے لئے انتخابی مہم نہ چلائے۔

متعلقہ خبریں
موسیٰ پروجیکٹ، مکانات کے انہدام کی مخالفت،اندرا پارک پرمہادھرنا
راہول گاندھی کی انتخابی مہم پر پابندی لگائی جائے: بی جے پی
مہاراشٹرا میں 10 ہزار کروڑ کا ہائی وے اسکام، کانگریس کا الزام (ویڈیو)
نواب ملک کو سپریم کورٹ سے 2 ماہ کی عبوری ضمانت
بی جے پی کی جیت کے سلسلہ پر روک لگانا ضروری:بدر الدین اجمل

پارٹی نے کل کہا تھا کہ وہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں ان کے لئے مہم نہیں چلائے گی۔ انہوں نے یہ بھی دھمکی دی کہ وہ ان کا نام انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھ جوڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے ایک ایسے وقت یہ بیان دیا ہے جب بی جے پی قائدین بشمول ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس اور پارٹی کے ممبئی یونٹ کے صدر آشیش شیلر نے یہ واضح کردیا تھا کہ پارٹی نواب ملک کے لئے انتخابی مہم نہیں چلائے گی۔ انہو ں نے کہا تھا کہ داؤد اور ان کے ساتھ تعلق رکھنے والوں کے بارے میں ہماری رائے واضح ہے اور ان کا (نواب ملک کا) معاملہ بھی واضح ہے۔

نواب ملک نے جو پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 4 نومبر کے بعد اپنی مہم شروع کرنے والے تھے‘ کہا کہ میرے لئے مہم نہ چلائیں۔ میں اس پر اصرار نہیں کرتا۔ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا امیدوار ہوں۔ میں اس بات پر اصرار نہیں کرتا کہ وہ لوگ آئیں اور مہم چلائیں۔ ”میرا نام داؤد کے ساتھ جوڑنے والوں کے خلاف میں قانونی کارروائی کروں گا۔

میں ایسے الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف عدالت جاؤں گا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کراؤں گا۔ یہ تمام بے بنیاد الزامات ہیں۔ میرے خلاف عائد کردہ الزامات منی لانڈرنگ سے متعلق نہیں ہیں۔

چاہے کتنا ہی بڑا لیڈر کیوں نہ ہو میں قانونی کارروائی کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض اخبارات داؤد ابراہیم کے ساتھ تعلقات کے بارے میں خبریں شائع کیا کرتے تھے لیکن اب انہوں نے ایسا کرنا بند کردیا ہے“۔