سوشیل میڈیا

’’چپل سے ماروں گی‘‘، بی جے پی لیڈر کو کویتا کا انتباہ

کویتا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اروند سے کہا کہ آخر وہ خود کو کیا سمجھتا ہے؟ اگر تم نے دوبارہ بے بنیاد اور شخصی تبصرے کئے تو میں تمہیں نظام آباد کے چوراہے پر چپل سے ماروں گی۔

حیدرآباد: رکن تلنگانہ کونسل کے کویتا نے بی جے پی کے ایم پی نظام آباد ڈی اروند کو انتباہ دیا کہ اگر وہ ان کے خلاف نازیبا شخصی تبصرے بند نہیں کرتا ہے تو وہ اسے چپل سے ماریں گی۔  

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی اور ٹی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا نے آج ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کو متنبہ کیا کہ اگر وہ ان کے خلاف ذاتی تبصرے کرتا رہا تو وہ اسے چپل سے ماریں گی۔

اروند کی طرف سے کئے گئے کچھ ریمارکس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ اروند ایک نئی نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

کویتا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اروند سے کہا کہ آخر وہ خود کو کیا سمجھتا ہے؟ اگر تم نے دوبارہ بے بنیاد اور شخصی تبصرے کئے تو میں تمہیں نظام آباد کے چوراہے پر چپل سے ماروں گی۔

واضح رہے کہ ڈی اروند نے جمعرات کو کویتا کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا تھا جس پر کویتا نے آج ردعمل کا اظہار کیا۔  

وزیراعلیٰ کے سی آر کے اس دعوے پر کہ بی جے پی، وفاداریاں بدلنے کے لئے کویتا کو ورغلانے کی کوشش کر رہی ہے، اروند نے ریمارک کیا تھا کہ کے سی آر ’’اپنی بیٹی کی تجارت‘‘ کر رہے ہیں۔

تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے تحمل سے کام لے رہی ہیں لیکن اب خاموش نہیں رہیں گی۔

انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کا احترام نہ کرنے اور اپنے خلاف ذاتی تبصرے کرنے پر رکن پارلیمنٹ اروند پر تنقید کی۔ انہوں نے بی جے پی لیڈر سے پوچھا کہ تلنگانہ کے لئے ان کا کیا تعاون ہے؟

کویتا، جو 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد میں اروند کے مقابلہ میں ہار گئی تھیں، نے مزید کہا کہ وہ اگلی بار جہاں سے بھی الیکشن لڑیں گی، اروند کو ہرائیں گی۔

انہوں نے اروند کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے لئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سے رجوع ہوئی تھیں۔

ٹی آر ایس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈروں نے ایک آفر کے ساتھ ان سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے اس آفر کو مسترد کردیا۔

کویتا نے کہا کہ مجھے کسی دوسری پارٹی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میرا دل ہمیشہ اس پارٹی میں ہوتا ہے جہاں میرا لیڈر ہوتا ہے اور صرف سی ایم کے سی آر میرے لیڈر ہیں، میری زندگی اور میرا پورا سیاسی کیریئر ان کے ساتھ ہے۔