اگر ہندوستان یہاں نہیں آتا تو ہم بھی وہاں نہیں جائیں گے : رمیز راجہ
رمیز نے کہا کہ ہماری پوزیشن واضح ہے کہ اگر وہ (ہندوستانی ٹیم) آئیں تو ہم ورلڈ کپ میں جائیں گے، اگر وہ نہیں آتے تو انہیں ایسا کرنے دیں۔ انہیں پاکستان کے بغیر کھیلنے دیں۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان اگلے سال پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرتا ہے تو پاکستان بھی ورلڈ کپ 2023 کے لیے ہندوستان کا دورہ نہیں کرے گا۔
جمعہ کو پاکستانی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے رمیز نے کہا کہ ہماری پوزیشن واضح ہے کہ اگر وہ (ہندوستانی ٹیم) آئیں تو ہم ورلڈ کپ میں جائیں گے، اگر وہ نہیں آتے تو انہیں ایسا کرنے دیں۔ انہیں پاکستان کے بغیر کھیلنے دیں۔ اگر پاکستان اگلے سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا ہے تو کون دیکھے گا؟
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم پرفارم کر رہی ہے۔ ہم نے دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ٹیم کو شکست دی ہے، ہم نے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا ہے۔
میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کرکٹ کی معیشت کو بہتر کرنا ہے اور یہ تب ہی ہوگا جب ہماری ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ ہم نے اسے 2021 کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کیا ہے۔ ہم نے ایشیا کپ میں ہندوستان کو ہرایا، پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک سال میں دو بار اربوں ڈالر کے بورڈ کو شکست دی ہے۔
واضح رہےکہ 2023 ایشیا کپ اگلے سال پاکستان میں ہوگا جس کے بعد ہندوستان ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے اس سے قبل 2009 میں بھی ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی۔
2009 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ کے دوران سری لنکن ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد دنیا بھر کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنا بند کر دیا تھا۔
پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اس وقت ہوئی جب زمبابوے نے 2015 میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے جنوبی ایشیائی ملک کا دورہ کیا۔ اس کے بعد سری لنکا نے بھی مدد کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے 2017 میں ایک ون ڈے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔
اس سال آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ انگلینڈ اگلے ماہ بابر اعظم کی ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے گا۔