جہیز كیلئے ظلم کی انتہا، شوہر نے بیوی کو چھت سے پھینک دیا، ویڈیو وائرل
متاثرہ خاتون آمنہ نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر عارف، دیور عمران، نند شہناز، سوتیلی بیٹی ندا اور سسر رحمت اللہ نے مل کر اس پر حملہ کیا۔ پہلے اس کے کمرے میں بند کر کے اسے پیٹا گیا، پھر جب وہ جان بچا کر بھاگی تو اسے چھت سے نیچے دھکا دے دیا گیا۔

جالون: اتر پردیش کے ضلع جالون سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 10 لاکھ روپے کے جہیز کے لیے ایک شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر چھت سے دھکا دے کر نیچے گرا دیا۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے، جس میں خاتون کو چھت سے گرتے ہوئے اور اس کے سسرالی رشتہ داروں سے مار کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بچے کی ہوشیاری نے بچائی ماں کی جان
واقعہ کے وقت خاتون کا 10 سالہ بیٹا اففان موقع پر موجود تھا۔ ماں کے چھت سے گرنے کے بعد فوراً اپنے نانا کو فون کرکے اطلاع دی۔ خاتون کے والد موقع پر پہنچے اور زخمی حالت میں اپنی بیٹی کو فوری طور پر ضلعی اسپتال میں داخل کروایا۔
خاتون کی حالت نازک، اسپتال میں زیر علاج
ڈاکٹروں کے مطابق، خاتون کو جسم کے کئی حصوں پر سنگین چوٹیں آئی ہیں اور وہ نازک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔
سسرالیوں پر اجتماعی تشدد اور قتل کی کوشش کا الزام
متاثرہ خاتون آمنہ نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر عارف، دیور عمران، نند شہناز، سوتیلی بیٹی ندا اور سسر رحمت اللہ نے مل کر اس پر حملہ کیا۔ پہلے اس کے کمرے میں بند کر کے اسے پیٹا گیا، پھر جب وہ جان بچا کر بھاگی تو اسے چھت سے نیچے دھکا دے دیا گیا۔
ویڈیو شواہد منظر عام پر
ایک ویڈیو میں خاتون کو چھت سے نیچے گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دوسرے ویڈیو میں اسے سسرالی افراد سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے بھاگتے اور پٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
متاثرہ کی تین شادیاں، موجودہ شوہر پر جہیز کا دباؤ ڈالنے کا الزام
35 سالہ آمنہ کی یہ تیسری شادی ہے۔ اس کے پہلے دو شوہروں کی موت ہو چکی ہے اور اس کے کل چار بچے ہیں۔ موجودہ شوہر عارف سے 2021 میں نکاح ہوا تھا، جس نے شادی کے بعد آمنہ پر 10 لاکھ روپے جہیز لانے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔
بیٹے کا الزام: "ابّو نے امّی کو دھکا دیا”
10 سالہ اففان نے الزام لگایا کہ اس کے والد اور دیگر سسرالی رشتہ داروں نے سازش کے تحت اس کی ماں کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ اس نے بتایا کہ گیس سلنڈر کا وال بھی کھول دیا گیا تھا اور اس کی ماں کو دھکا دے کر نیچے گرایا گیا۔
پولیس نے متاثرہ کے والد کی شکایت پر شوہر سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم واقعہ کے بعد تمام ملزمان گھر چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی سب کو گرفتار کر لیا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔