نتن یاہو نیو یارک آئے تو گرفتاری کا حکم دوں گا : زہران ممدانی
نیویارک سٹی کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نے کہا ہے کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو اسرائیلی وزیر اعظم کی شہر میں آمد پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دیں گے کہ وہ انہیں گرفتار کرے۔
نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نے کہا ہے کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو اسرائیلی وزیر اعظم کی شہر میں آمد پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دیں گے کہ وہ انہیں گرفتار کرے۔
ڈان نیوز کے مطابق اپنی انتخابی مہم کے وعدے کی مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے جمعرات کو امریکی اخبار’’نیویارک ٹائمز“ کو ایک انٹرویو میں زہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو ”جنگی مجرم“ قرار دیا، جو غزہ میں نسل کشی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نتن یاہو نیویارک کا دورہ کریں تو وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے جاری کردہ وارنٹ کا ”احترام“ کریں گے اور پولیس کو حکم دیں گے کہ انہیں ہوائی اڈے پر ہی گرفتار کر لیا جائے۔قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسا اقدام تقریباً ناممکن ہوگا اور اس سے وفاقی قانون کی خلاف ورزی بھی ہوسکتی ہے، اس کے باوجود ممدانی نے اپنے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وعدے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک کام ہے جسے پورا کرنے کا میں ارادہ رکھتا ہوں، میری خواہش ہے کہ یہ شہر بین الاقوامی قانون کے لیے کھڑا ہو۔ امریکہ آئی سی سی کا رکن نہیں ہے اور اس کی اتھارٹی کو تسلیم نہیں کرتا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری میں عدالت کے خلاف اقدامات کیے تھے، جب عالمی عدالت نے نتن یاہو کے لیے وارنٹ جاری کیا امریکی صدر نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ کہ عدالت کو امریکہ یا اسرائیل پر کوئی دائرہئ اختیار حاصل نہیں۔
دوسری جانب نتن یاہو نے ان دھمکیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ جولائی میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ ممدانی کے بیانات سے پریشان نہیں ہیں۔ زہران ممدانی نے استدلال کیا کہ نتن یاہو نے حتیٰ کہ نیویارک میں قیام کے دوران بھی ایسے فوجی فیصلے کیے جن کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں شہری ہلاکتیں ہوئیں۔
نیویارک ٹائمز اور سینا یونیورسٹی کے حالیہ سروے میں پایا گیا کہ نیویارک کے عوام عمومی طور پر اسرائیل اور جنگ کے حوالے سے ممدانی کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، یہودی ووٹروں میں ممدانی معمولی برتری رکھتے ہیں، تقریباً 30 فیصد پر، جن کے قریب موجودہ میئر ایرک ایڈمز اور سابق گورنر اینڈریو کومو ہیں۔
کومو ممدانی کے بڑے حریف ہیں، انہوں نے خود کو اسرائیل کا مضبوط حامی ظاہر کیا ہے اور گزشتہ نومبر میں آئی سی سی کے وارنٹ کے بعد نتن یاہو کی قانونی دفاعی ٹیم میں شامل ہونے کی رضاکارانہ پیشکش کی تھی۔
ٹرمپ نے جمعہ کو کہا تھا کہ نیویارک کے میئر ایڈمز کی دوبارہ الیکشن لڑنے کی کوششیں اس بات کے امکانات کو کم کرتی ہیں کہ کوئی بھی ڈیموکریٹک امیدوار ممدانی کو شکست دے سکے۔