بین الاقوامی

حرمین شریفین پر حملہ اللہ کے گھر سے دشمنی ہے، امام مسجد نبویؐ کا سخت انتباہ

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب داغے گئے تقریباً پانچ ڈرون مار گرائے گئے، شیخ صالح المغامسی نے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو اسلام کی تعلیمات کے منافی قرار دیا۔

مکہ مکرمہ: امامِ مسجدِ نبوی شیخ صالح المغامسی نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی بار بار کی جانے والی معاندانہ کوششوں کو ”بغی فی الارض“ یعنی ”زمین میں سرکشی“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکشی کا انجام ہمیشہ برا ہوتا ہے۔

گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب دہشت گرد حوثی ملیشیا کے داغے گئے تقریباً 5 ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔ شیخ صالح المغامسی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملے اسلام کے اصولوں اور اقدار کے منافی ہیں اور مقدس مقامات کی حرمت کی پامالی ہیں۔

شیخ صالح المغامسی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سب سے بڑی سرکشی اللہ کے حرمت والے گھر یا اس کے رسول کی مسجد کو نقصان پہنچانے کا ارادہ کرنا ہے اور ان دہشت گرد حوثیوں نے بیک وقت بیت حرام اور مسجدِ نبوی دونوں کو نقصان پہنچانے کا ارادہ کیا۔

امامِ مسجدِ نبوی شیخ صالح المغامسی نے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی بار بار کی جانے والی معاندانہ کوششوں کو حوثیوں کی ایسی مایوسی کی کیفیت قرار دیا جو اس ملیشیا کو مسجدِ حرام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد کا رخ کرنے والے مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے بے باکانہ کوششیں کرنے پر اکساتی ہے۔

شیخ المغامسی نے سوال اٹھایا کہ حوثی البیت الحرام کا رخ کرنے والوں پر اپنے ہتھیاروں سے گولہ باری کرتے ہیں تو آخر ایسے لوگوں کے دلوں میں کون سی عقل، کون سی ہدایت یا کون سا ایمان باقی ہے؟انہوں نے اس بات کی تاکید کی کہ مملکت کے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں مایوس کن کوششیں ہیں، حوثیوں کی یہ اشتعال انگیزی ایک مایوس کن کوشش ہے اور اللہ عزوجل نے ہر اس شخص کو ہلاکت کی وعید سنائی ہے جو ظلم اور زیادتی کے ساتھ اس کے حرمت والے گھر کا برا ارادہ کرے۔

رابطہ عالمِ اسلامی کے مطابق دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی بار بار کوشش کرنا مقدسات کی حرمت کی پامالی اور دو ارب سے زیادہ مسلمانوں کے جذبات کو شدید اشتعال دلانے کے مترادف ہے۔ رابطہ عالمِ اسلامی نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششوں کی شدید مذمت کی۔