بین الاقوامی

مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور کو دو گنیز ورلڈ ریکارڈس کا اعزاز

426 میٹر بلندی پر دنیا کا بلند ترین انڈور میوزیم، جبکہ 560 میٹر سے زائد بلندی پر قائم آبزرویشن ڈیک کو بھی عالمی اعزاز حاصل

مکہ مکرمہ (منصف نیوز بیورو) مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ کے شاہی کمیشن نے دو نئے عالمی اعزازات حاصل کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈس میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔

مکہ کلاک ٹاور میں واقع میوزیم کو کسی عمارت کے اندر قائم دنیا کے بلند ترین میوزیم کا اعزاز حاصل ہوا ہے جو 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اسی طرح مکہ کلاک ٹاور کامپلکس میں 560.875 میٹر کی بلندی پر واقع کھلی فضاء کے مشاہداتی پلیٹ فارم کو دنیا کے بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک کا اعزاز دیا گیا ہے۔

یہ کامیابی مکہ مکرمہ کے نمایاں تاریخی، سائنسی اور تعمیراتی مقامات کو ترقی دینے کیلئے شاہی کمیشن کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

کمیشن کا مقصد شہر کے تاریخی و تعمیراتی اثاثوں سے استفادہ کرتے ہوئے مقامی باشندوں، حجاج کرام اور زائرین کے تجربات کو مزید بہتر بنانا اور مکہ مکرمہ کی حیثیت کو ایک ایسے عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے جہاں قدیم روایات اور جدید ترقی کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔