اے پی میں طوفان فنگل کا اثر، کئی مقامات پر بارش، تباہی کا خدشہ
طوفان فینگل کے زیراثرآندھراپردیش کے کئی مقامات پر بارش کاسلسلہ جاری ہے اورکئی مقامات پر طوفان کے سبب تباہی کا خدشہ ہے۔
حیدرآباد: طوفان فینگل کے زیراثرآندھراپردیش کے کئی مقامات پر بارش کاسلسلہ جاری ہے اورکئی مقامات پر طوفان کے سبب تباہی کا خدشہ ہے۔
انامیا ضلع ریلوے کڈور حلقہ میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ ریلوے کڈور، اوبولاوری پلی، پلم پیٹ اور پیناگلور منڈلوں کے نشیبی علاقے بارش کی وجہ سے زیر آب آگئے۔
ریلوے کوڈور کے قریب گنجنا دریامیں پانی کے بہاو میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔اس دریا میں اونچی لہریں دیکھی جارہی ہیں۔ عہدیداروں نے مقامی افراد کو چوکس کردیا ہے۔
کسانوں کو خدشہ ہے کہ دو روز سے جاری بارش سے باغبانی کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ریلوے کوڈور حلقہ میں پپیتے، کیلے اور آم کے زیادہ باغات ہیں۔
طوفان کے اثر کی وجہ سے ضلع نیلور میں نصف شب سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس کے باعث کئی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔
مسلسل بارش کی وجہ سے بیشتر مقامات پرٹریفک میں شدید خلل پڑا۔ کرشنا پٹنم میں خطرے کا الرٹ نمبر6 جاری کیا گیا ہے۔
طوفان کے اثر سے کسانوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ کرشنا ضلع میں بارش کی وجہ سے سڑکوں کے کنارے سوکھے اناج کے ڈھیر بھیگ گئے۔ کسان فصل کو بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔