حیدرآباد

حیدرآباد اور دیگر شہروں کے امریکی قونصل خانوں میں نئی ویزا اپائنٹمنٹ پالیسی کا نفاذ

ہندوستان میں امریکی سفارت خانے نے ایک نئی پالیسی تبدیلی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد ویزا اپائنٹمنٹ سسٹم میں دھوکہ دہی اور غلط استعمال کو روکنا ہے۔

حیدرآباد: ہندوستان میں امریکی سفارت خانے نے ایک نئی پالیسی تبدیلی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد ویزا اپائنٹمنٹ سسٹم میں دھوکہ دہی اور غلط استعمال کو روکنا ہے۔

متعلقہ خبریں
استنبول میں غزہ حملوں کے خلاف امریکی قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ

حیدرآباد اور ملک کے دیگر شہروں میں واقع قونصل خانوں میں 27 نومبر سے اس اپ ڈیٹ شدہ طریقہ کار کا نفاذ عمل میں آئے گا۔

جمعہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں سفارت خانے نے اعلان کیا کہ تمام ایف، ایم اور جے اسٹوڈنٹ ویزا درخواست دہندگان کو چاہئے کہ وہ پروفائل بناتے وقت اور اپنے ویزا اپائنٹمنٹ کا شیڈول منتخب کرتے ہوئے اپنے پاسپورٹ کی معلومات کا استعمال کریں۔

بیان میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ درخواست دہندگان جو پروفائل بناتے وقت یا اپائنٹمنٹ بک کرتے ہوئے پاسپورٹ کی غلط تفصیلات استعمال کرتے ہیں انہیں ویزا ایپلیکیشن سینٹرز (VAC) میں مسترد کر دیا جائے گا۔ نتیجتاً ان کا اپائنمنٹ منسوخ کر دیا جائے گا اور ویزا فیس ضبط کر لی جائے گی۔

سفارت خانے نے مزید وضاحت کی کہ جن افراد نے نادانستہ طور پر اپنے پروفائل یا اپائنٹمنٹ بکنگ میں پاسپورٹ کی غلط معلومات کا استعمال کیا ہے، انہیں اپنی غلطی کی اصلاح کا موقع دیا جائے گا۔

وہ پاسپورٹ کی درست تفصیلات کے ساتھ ایک نیا پروفائل بنا سکتے ہیں یا صحیح معلومات پر مشتمل موجودہ پروفائل تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نیا اپائنمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

تاہم پاسپورٹ کی غلط معلومات کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے نئی ویزا فیس کی ادائیگی کرنی پڑسکتی ہے۔ مزید برآں یہ پالیسی ان درخواست دہندگان کو بھی سہولت فراہم کرتی ہے جنہوں نے حال ہی میں اپنے پاسپورٹ کی تجدید کی ہے یا اپنے پرانے پاسپورٹ کے گم ہونے یا چوری ہونے کے بعد نیا حاصل کیا ہے۔

ایسے افراد اپنے سابق پاسپورٹ کی فوٹو کاپی یا دیگر ثبوت پیش کرتے ہوئے اپائمنٹ کے حصول کی کارروائی کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔