کھیل

شکریہ انڈیا، پاکستان کی شکست پر اسرائیلی سفیر کا ٹویٹ

ورلڈکپ 2023 میں ہندوستان کی پاکستان کے خلاف فتح کے بعد اسرائیل کی جانب سے بھی بیانات سامنے آئے ہیں جبکہ میچ کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا پوسٹر سامنے آیا۔

نئی دہلی: ورلڈکپ 2023 میں ہندوستان کی پاکستان کے خلاف فتح کے بعد اسرائیل کی جانب سے بھی بیانات سامنے آئے ہیں جبکہ میچ کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا پوسٹر سامنے آیا۔

متعلقہ خبریں
ایکشن میں تبدیلی سے گیندبازی میں بہتری : کلدیپ یادو

اسرائیل نے اس مداح کی تصویر اور اس کے پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے کہاکہ شکریہ انڈیا۔ ہندوستان میں اسرائیلی سفیر نور گیلن نے ٹیم انڈیا کی جیت پر خوشی کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے پاکستانی ٹیم اور اس کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پر بھی تنقید کی۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شکست کے بعد پاکستان اپنی فتح حماس کو وقف نہیں کرسکتا۔

نور نے لکھاکہ ہمیں خوشی ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں کھیلے گئے ہند۔پاک میچ میں ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی اور پاکستان اپنی جیت حماس کے دہشت گردوں کو وقف نہیں کرسکا۔

میچ کے دوران ہمارے ہندوستانی دوستوں نے پوسٹر آویزاں کرکے اسرائیل کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ہم اس بارے میں بہت جذباتی ہیں۔ نور نے اسی مداح کا پوسٹر بھی شیئر کیا۔ پوسٹر میں پی ایم مودی اور اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

پوسٹر پر لکھا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد بڑا بیان دیا تھا۔ رضوان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس اننگز کے بعد رضوان نے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھاکہ یہ فتح غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی تھی۔ فتح میں حصہ ڈال کر خوشی ہوئی۔ اسے آسان بنانے کا کریڈٹ پوری ٹیم اور خاص طورپر عبداللہ شفیق اور حسن علی کو ہے۔

حیدرآباد کے لوگوں کا ان کے شاندار استقبال اور حمایت کیلئے بے حد مشکور ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو احمدآباد میں ہندوستان کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 42.5 اوورز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کپتان بابر اعظم نے 50 اور محمد رضوان نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں ٹیم انڈیا نے ہدف 30.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان روہت شرما نے 86 رنز بنائے۔ اس طرح ٹیم انڈیا نے ونڈے ورلڈکپ میں پاکستان کو لگاتار آٹھویں بار شکست دی۔ اب ہندوستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے 19 اکتوبر کو ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم 20 اکتوبر کو چنا سوامی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔