عمران خان کی جیل بھرو تحریک شروع
برطرف وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف نے چہارشنبہ کے دن لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کردی۔
لاہور: برطرف وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف نے چہارشنبہ کے دن لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کردی۔
پارٹی کے شیئر کردہ فوٹیج میں سینئر قائدین بشمول سابق وفاقی وزراء شاہ محمودقریشی‘اسدعمر‘سینیٹراعظم سواتی اور سابق گورنر پنجاب عمرسرفرازچیمہ کو ایک پولیس ویان میں بیٹھے دیکھاجاسکتا ہے۔
وہ وہاں موجود پولیس سے کہہ رہے ہیں انہیں گرفتارکرلیاجائے۔ شاہ محمودقریشی نے جو پارٹی کے نائب صدرنشین ہیں کہا کہ آج پی ٹی آئی کے 200 ورکرس اور لاہورقیادت نے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کیا۔
یہ تحریک امپورٹیڈحکومت کی طرف سے ملک میں لاقانونیت کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔جیل روڈ پر پارٹی ورکرس اور قائدین کی بڑی تعداد اکٹھاتھی۔
آئی اے این ایس کے بموجب پاکستان کی وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب نے چہارشنبہ کے دن الزام عائدکیاکہ پاکستان تحریک انصاف سربراہ عمران خان کی ”جیل بھرو“ تحریک ملک کے خلاف سازش ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی کرتوتوں کی وجہ سے سماج کے غیرمراعات یافتہ طبقات مصیبت جھیل رہے ہیں۔ دی ایکسپریس ٹریبیون نے یہ اطلاع دی۔