گروپ 2امتحان ملتوی کرنے کامطالبہ،حیدرآباد میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش
تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ 2 کے امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے امیدواروں نے حیدرآباد میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔
حیدرآباد: تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ 2 کے امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے امیدواروں نے حیدرآباد میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔
تقریباً 2000 امیدواروں نے نامپلی میں ٹی ایس پی ایس سی کے دفتر تک ریلی نکالی۔
اس موقع پر حکومت کے رویہ پر شدید ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے امیدواروں نے نعرے بازی کی۔
تلنگانہ جنا سمیتی پارٹی کے صدر کودنڈارام اور کانگریس لیڈر ا ے دیاکر نے گروپ 2امیدواروں کے احتجاج کی حمایت کی۔ پولیس نے بعض امیدواروں کو حراست میں لے لیا۔
امیدواروں کے احتجاج کے پیش نظر ٹی ایس پی ایس سی دفتر کے اطراف پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کردیاگیا تھا۔ امیدواروں نے بتایا کہ گروپ 2 امتحان کے لیے 29 اور 30 اگست کی تاریخیں طے کی گئی ہیں، لیکن گروکل بورڈ امتحان کی تاریخیں یکم سے 23 اگست تک ہیں۔
انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گروپ 2 اور گروکل کے امتحانات ایک ہی مہینے میں منعقد ہونے اور نصاب مختلف ہونے کی وجہ سے ایسی صورت حال پیدا ہوئی کہ صرف ایک امتحان کی تیاری کرنی پڑی۔
انہوں نے کہاکہ گروپ 2 امتحان کے تیسرے پرچے (معاشیات) میں پچھلے نصاب میں 70 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک ہونے کے واقعہ کی وجہ سے وہ تین ماہ سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے گروپ2 کے امتحان کو تین ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔ امیدواروں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر اس مسئلہ کو سمجھے اور ان کو راحت فراہم کرے۔