دہلی میں کل بی آر ایس ہیڈ کوارٹرس کا افتتاح
تلنگانہ کے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی جو انتظامات کا جائزہ لینے پہلے سے دہلی موجود ہیں، نے کہا کہ بی آر ایس دفتر کے افتتاح کا ”مہورت“ طے ہوگیا ہے۔ افتتاحی تقریب 12بجکر37 منٹ اور12بجکر47منٹ کے درمیان منعقد ہوگی۔

حیدرآباد: دہلی میں چہارشنبہ کو بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے مرکزی دفتر کے افتتاح میں جنتادل (سیکولر)، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) قائدین کے علاوہ مختلف ریاستوں کے کسان قائدین شرکت کریں گے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اور بی آر ایس کے قائد قومی دارالحکومت کے سردار پٹیل مارگ میں دفتر کا افتتاح انجام دیں گے۔
تلنگانہ کے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی جو انتظامات کا جائزہ لینے پہلے سے دہلی موجود ہیں، نے کہا کہ بی آر ایس دفتر کے افتتاح کا ”مہورت“ طے ہوگیا ہے۔ افتتاحی تقریب 12بجکر37 منٹ اور12بجکر47منٹ کے درمیان منعقد ہوگی۔
چیف منسٹر کے سی آر بی آر ایس کا پرچم لہراکر دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے چیمبر میں داخل ہوں گے۔ بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، اترپردیش کے سابق چیف منسٹر اور سماج وادی پارٹی قائد اکھلیش یادو، کرناٹک کے سابق چیف منسٹر اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کماراسوامی اور کچھ دیگر علاقائی پارٹیوں کے قائدین کی بھی شرکت متوقع ہے۔
پرشانت ریڈی نے کہا کہ پنجاب، ہریانہ، اترپردیش، اڈیشہ اور ٹامل ناڈو کے کسان بھی موجود ہوں گے۔ وزیر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ تلنگانہ کے وزراء، ایم پیز، ایم ایل ایز، ایم ایل سیز اور دیگر عوامی نمائندے اور بی آر ایس کے قائدین افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لیے قومی دارالحکومت پہنچ رہے ہیں۔
بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ انہیں کے سی آر کی قیادت میں بطور سپاہی کام کرکے فخر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آٹھ سالوں کے مختصر عرصہ میں کے سی آر نے تلنگانہ کو ملک کی نمبر ایک ریاست بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اب تلنگانہ ماڈل کو پورے ملک میں دہرانے کے خواہاں ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہمارے قائد کی خواہش ہے کہ تلنگانہ میں کسانوں اور غریبوں کے لیے نافذ مختلف فلاحی اسکیمات پورے ملک میں نافذ کی جائیں۔“ کے سی آر اپنے ارکان خاندان اور بی آر ایس کے کچھ قائدین کے ہمراہ پیر کی رات ہی دہلی پہنچ گئے۔
تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کو بی آر میں تبدیل کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن نے قبول کرلی جس کے بعد9/ دسمبر کو کے سی آر نے حیدرآباد میں باضابطہ بی آر ایس کا آغاز کیا تھا۔ پارٹی‘ دہلی کے سردار پٹیل مارگ میں واقع عارضی عمارت میں اپنی سرگرمیاں شروع کرے گی۔بی آر ایس کی مستقل عمارت‘ وسنت وہار میں زیرتعمیر ہے جس کے اگلے دو تا تین ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔