رام مندر کا افتتاح‘ کانگریس کو اپنے پاپ کم کرنے کا موقع دیا گیا تھا: ہیمنت بسوا شرما
شرما نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ وی ایچ پی ڈیجیٹل نے کانگریس قیادت کو شری رام مندر پران پرتشٹھا مہااتسو میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اپنے گناہوں کو کم کرنے کا ایک سنہری موقع دیا تھا۔
گوہاٹی: ایودھیا میں 22جنوری کو رام مندر کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامہ کو کانگریس کی جانب سے مسترد کئے جانے کے جواب میں چیف منسٹر آسام ہیمنت بسواشرما نے جمعرات کے روز کہا کہ قدیم سیاسی جماعت کو اپنے پاپ کم کرنے کا سنہری موقع دیا گیا تھا۔
شرما نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ وی ایچ پی ڈیجیٹل نے کانگریس قیادت کو شری رام مندر پران پرتشٹھا مہااتسو میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اپنے گناہوں کو کم کرنے کا ایک سنہری موقع دیا تھا۔ بہرحال میرے ناقص خیال میں وہ لوگ رام مندر کے تئیں ابتدا سے اپنے خیالات کی وجہ سے ایسے دعوت نامہ کے مستحق ہی نہیں تھے۔
اس دعوت نامہ کو قبول کرتے ہوئے وہ لوگ علامتی طورپر ہندو سماج سے معذرت خواہی کرسکتے تھے۔ بہرحال جس طرح پنڈت نہرو نے سوم ناتھ مندر کے ساتھ کیا تھا‘ کانگریس قیادت نے رام مندر کے ساتھ ویسا ہی کیا ہے۔
تاریخ انہیں مخالف ہندو جماعت کے طورپر یاد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش کا مکتوب مورخہ 10 جنوری بھی منسلک کیا جس میں انہوں نے باضابطہ طورپر دعوت نامہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔