حیدرآباد: شمال مشرقی خلیج بنگال میں متواتر ہوا کے کم دباؤ کے زیراثر دونوں تلگو ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں کل سے ہی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آج صبح 4 بجے سے پورے شہر میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔
صبح صبح کی لگاتار اور موسلادھار بارش کے باعث نہ صرف سڑکوں پر بلکہ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور بعض مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہوجانے سے لوگوں کو علی الصبح مشکلات کا سامنا رہا۔
شہر کے کئی مقامات جیسے، گچی باؤلی، راجندر نگر، دلسکھ نگر، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، مہدی پٹنم، پٹن چیرو، کوکٹ پلی، موسی پیٹ، ایرا گڈہ، امیر پیٹ، نامپلی، لکڑی کا پل، خیریت آباد، ملک پیٹ میں شدید بارش ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں آج دن بھر بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر اگلے چار روز تک دونوں ریاستوں میں بہت زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری طرف دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 48 گھنٹوں سے جاری بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ ندیاں، نالے اور تالاب لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی تلنگانہ کے کئی اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ریاست کے 9 اضلاع کے لئے اورینج الرٹ اور 18 اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تیز بارش کے امکان کے پیش نظر جگتیال، کریم نگر، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، محبوب نگر اور ناگرکرنول کے اضلاع کے لئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، راجنا سرسلہ، بھوپال پلی، بھدرادری کوتہ گوڑیم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ہنمکنڈہ، سدی پیٹ، کاماریڈی، ونپرتی، جوگولامبا گدوال اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہوگی۔ ان اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا ہے کہ اے پی کے ساحلی اضلاع میں اگلے چار دنوں تک بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ساحلی آندھرا اور یانم کو بھی اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں 11.5 سینٹی میٹر سے 20.44 سینٹی میٹر تک بارش کا امکان ہے اور لوگوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے جنوبی ساحلی علاقے میں تیز ہواؤں اور تیز بارش کی وارننگ دی ہے۔ حکام نے ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سمندر میں مچھلی کے شکار پر نہ جائیں۔