آندھراپردیش

ووٹنگ مشین تباہ کرنے کا واقعہ، مفرور رکن اسمبلی کو عبوری راحت

آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ماچرلہ کے مفرور وائی ایس آر سی پی کے ایم ایل اے پی رام کرشنا ریڈی کو پولیس گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا۔

امراوتی: آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ماچرلہ کے مفرور وائی ایس آر سی پی کے ایم ایل اے پی رام کرشنا ریڈی کو پولیس گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا۔

عدالت العالیہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو تباہ کرنے سے مربوط کیس میں ماچرلہ کے ایم ایل اے کو 6جون تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت نے چند وجوہات جن میں ریڈی خود ایک امیدوار ہیں، کے سبب انہیں گرفتار ی سے تحفظ فراہم کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ رائے دہی کے دن13مئی کو رام کرشنا ریڈی جو وائی ایس آر سی پی کے ماچرلہ اسمبلی حلقہ کے امیدوار بھی ہیں، پولنگ بوتھ 202 میں داخل ہوئے اور ای وی ایم کو نقصان پہونچایا۔ ان کا یہ پورا عمل، ویب کیمرہ میں قید ہوگیا یہ کیمرہ، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نصب کیا تھا۔

ان فوٹیج کی مدد سے ریڈی کی شناخت ہوئی جو ایک دستاویزی ثبوت ہے۔ ہائی کورٹ نے جمعرات کی شب عبوری احکام جاری کرتے ہوئے پولیس کو 6جون تک رام کرشنا ریڈی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ریڈی نے عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے انہیں گرفتاری سے فوری تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔

ایم ایل اے نے دلیل دی کہ وہ حلقہ اسمبلی ماچرلہ کے حکمراں جماعت کے امیدوار ہیں۔4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ان کی بحیثیت امیدوار موجودگی ضروری ہے۔ ان کی اس دلیل پر عدالت نے رام کرشنا ریڈی کو عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔

عدالت نے پولیس پر واضح کردیا کہ وہ درخواست گزار (ریڈی) کو اگلی سماعت جو 6جون کو مقرر ہے تک گرفتار نہ کرے۔ عدالت العالیہ نے اپنے عبوری احکام میں ریڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہ رہیں۔ اور ضلع پالناڈو میں نظم وضبط کا مسئلہ پیدا نہیں ہونا چاہئے۔

ریڈی کو یہ ذمہ داری بھی لینی چاہئے کہ ان کے حامی امن کو درہم برہم کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔ عدالت نے کئی شرائط اور تحدیدات بھی رکھی ہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ درخواست گذار ریڈی کو اگلی سماعت تک حلقہ لوک سبھا نرسا راؤ پیٹ میں رہنا چاہئے تاہم انہیں ووٹوں کی گنتی کے موقع پر حلقہ کا دورہ کرنے کی اجازت رہے گی۔ دریں اثنا اے پی پولیس کو مفرور ایم ایل اے رام کرشنا ریڈی کا کوئی پتا نہیں چل پایا ہے۔

a3w
a3w