حیدرآباد: ہندوستانی عوام کے خوابوں کا زیور، عورتوں کے حسن کی شان، اور شادی بیاہ کی پہچان — سونا… اب عام انسان کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
انڈیا بُلیئن ایسوسی ایشن کے مطابق، 24 کیرٹ 10 گرام سونا آج 380 روپے بڑھ کر 1,07,550 روپے ہو گیا ہے۔ کل یعنی چہارشنبہ کو یہ قیمت 1,07,070 روپے تھی۔یہ مسلسل آٹھواں دن ہے جب سونے کی قیمتوں میں آگ لگی ہے۔
صرف 24 کیرٹ ہی نہیں… 22 کیرٹ کا سونا بھی 1000 روپے بڑھ کر 1,06,200 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔
ادھر عوام کے خوابوں پر کاری ضرب لگ رہی ہے تو اُدھر عالمی منڈی میں بھی صورتحال خطرناک ہے… اسپاٹ گولڈ اپنی تاریخ کی سب سے بڑی سطح پر، 3,547 ڈالر فی اونس کو چھو گیا ہے۔
یاد رہے، پچھلے سال 31 اگست کو سونا 1,03,910 روپے کے ریکارڈ پر تھا… لیکن کچھ ہی مہینوں بعد یہ 74 ہزار تک لڑھک گیا۔ مگر اب پھر آگ کی رفتار سے بڑھتے ہوئے ایک لاکھ سات ہزار کے پار جا چکا ہے… اور ماہرین کہہ رہے ہیں کہ یہ سلسلہ اب رُکنے والا نہیں۔
ادھر چاندی بھی کسی سے کم نہیں… کلو کی قیمت 1,26,100 روپے پر جا پہنچی ہے… اور اِس کے مزید بڑھنے کے آثار ہیں۔
سونا، جو کبھی خوشی کی علامت تھا، آج عام انسان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ہے۔ شادی کے خواب دیکھنے والے گھرانے تڑپ رہے ہیں… بیٹیاں مایوس ہیں، والدین پریشان ہیں… اور سنار کی دکان پر جانے والے لوگ صرف قیمتیں سُن کر ہی واپس لوٹ رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ… کیا سونا اب صرف امیروں کے گلے کا زیور رہ جائے گا؟ یا پھر کبھی یہ عام انسان کی پہنچ میں واپس آئے گا؟”