مشرق وسطیٰ

ہندوستان اور مصر کے درمیان دفاعی شراکت داری بڑھانے پر معاہدہ

راجناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیاکہ قاہرہ میں مصر کے وزیر دفاع جنرل محمد ذکی کے ساتھ ایک بہترین ملاقات ہوئی۔ ہم نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے متعدد اقدامات پر وسیع بات چیت کی۔

قاہرہ: ہندوستان اور مصر نے دفاع کے شعبے میں تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ کل قاہرہ میں مصر کے وزیر دفاع جنرل محمد ذکی کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی دو طرفہ بات چیت کے دوران اس مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔

مسٹر سنگھ نے ٹویٹ کیا، "قاہرہ میں مصر کے وزیر دفاع جنرل محمد ذکی کے ساتھ ایک بہترین ملاقات ہوئی۔ ہم نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے متعدد اقدامات پر وسیع بات چیت کی۔ دفاعی تعاون پر مفاہمت نامے پر دستخط ہمارے تعلقات میں نئی ​​رفتار اور ہم آہنگی شامل کرتاہے۔

وزارت نے کہا کہ ایم او یو پر دستخط دورے کے دوران ایک "سنگ میل کا واقعہ” ہے جو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا۔ سنگھ مصر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے آغاز سے قبل قاہرہ میں وزارت دفاع میں انہیں رسمی گارڈ آف آنر دیا گیاتھا۔

وزارت دفاع نے کہا کہ ملاقات کے دوران فریقین نے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مشقوں اور تربیت کے لئے اہلکاروں کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق رائے پر پہنچے، بالخصوص انسداد دہشت گردی کے شعبے میں۔