بھارت

انڈیا اتحاد نے عام انتخابات 2024 مل کر لڑنے کا کیا عزم، مشترکہ قرار داد جاری

عام انتخابات 2024 کے حوالے سے انڈیا الائنس کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے، ”ہم، انڈیا الائنس کی تمام پارٹیاں، آئندہ لوک سبھا انتخابات جہاں تک ممکن ہو مل کر لڑنے کا عزم کرتے ہیں۔

ممبئی/نئی دہلی: ملک کی 26 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) نے ممبئی میں دو روزہ اجلاس کے آخری دن جمعہ کو ایک مشترکہ قرارداد جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ تنظیم میں شامل تمام پارٹیاں 2024 کے لوک سبھا انتخابات ایک ساتھ لڑیں گی۔

عام انتخابات 2024 کے حوالے سے انڈیا الائنس کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے، ”ہم، انڈیا الائنس کی تمام پارٹیاں، آئندہ لوک سبھا انتخابات جہاں تک ممکن ہو مل کر لڑنے کا عزم کرتے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں سیٹوں کی تقسیم کا کام جلد شروع کیا جائے گا اور یہ کام باہمی تعاون کے جذبے سے جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔“

اتحاد نے عام انتخابات کے لئے ریلیوں اور جلسوں کے حوالے سے ایک عہد لیتے ہوئے کہا، ”ہم، انڈیا اتحاد میں شامل تمام لوگوں سے جڑے اہم مسائل اور اہم مدوں کے سلسلے میں جلد از جلد ملک کے مختلف حصوں میں جلسے اور ریلیاں منعقد کرنے کا عزم کرتی ہیں۔ “

انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں نے انتخابی اور مہم کی حکمت عملی کے حوالے سے ایک قرارداد بھی منظور کی اور کہا، ”ہم ہندوستانی اتحاد کی تمام جماعتیں ‘جڑے گا بھارت جیتے گا انڈیا“ کی تھیم (مرکزی خیال) پر ایک مواصلاتی اور میڈیا حکمت عملی تیارکرنے اور مختلف زبانوں میں ہم آہنگی کا عہد لیتے ہیں ۔ جڑے گا بھارت جیتے گا انڈیا۔“