قومی

انڈیا بلاک، حدبندی بل کی مشترکہ مخالفت کرے گا، اپوزیشن اتحاد کا اعلان

انڈیا بلاک قائدین نے ہفتہ کے دن فیصلہ کیا کہ حلقوں کی از سر نو حد بندی اور خواتین تحفظات سے متعلق دستوری ترمیم بل کی پارلیمنٹ میں مشترکہ مخالفت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بل درج فہرست ذاتوں و قبائل کے مفادات کے خلاف ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی)انڈیا بلاک قائدین نے ہفتہ کے دن فیصلہ کیا کہ حلقوں کی از سر نو حد بندی اور خواتین تحفظات سے متعلق دستوری ترمیم بل کی پارلیمنٹ میں مشترکہ مخالفت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بل درج فہرست ذاتوں و قبائل کے مفادات کے خلاف ہے۔انہوں نے اسے ملک میں اقتدار پر ہمیشہ کیلئے قبضہ کرلینے اور جمہوریت ختم کردینے کی بی جے پی۔ آر ایس ایس کی کوشش قرار دیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے فلور لیڈرس کی 2گھنٹوں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے دعویٰ کیا کہ حلقوں کی از سرنو حدبندی کے بل کا مقصدموجودہ آبادی کے مطابق لوک سبھا میں درج فہرست ذاتوں وقبائل کو اُن کا حصہ دینا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایس سی/ ایس ٹی آبادی بڑھی ہے اور اس کا پتہ نئی مردم شماری میں چلے گالیکن جو لوگ اقتدار میں ہیں وہ ایسا ہونے نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے پچھلے عام انتخابات کے دوران 4 سو پار کا نعرہ دیا تھا لیکن یہ بل منظور کرواکر وہ 8 سو پار کا فیگر حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ہمیشہ برسر اقتدار رہیں اور دستور میں ترمیم کریں۔ کھرگے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس بل کے ذریعہ مودی ملک میں جمہوریت کو ختم کردینا چاہتے ہیں۔

ایک مرتبہ اختیارات ہاتھ میں آجائیں تواس بل کو ہتھیار بنا کر ہمیشہ برسر اقتدار رہنے کیلئے کچھ بھی کیا جائے گا۔ہم اس بل کی مخالفت کریں گے۔ کانگریس صدر نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان چین جیسا ملک بن جائے گا۔بی جے پی والے جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔وہ بی جے پی / آر ایس ایس کے ہاتھوں میں حکومت ہمیشہ کیلئے دینا چاہتے ہیں۔ منو اسمرتی پر عمل آوری ہونا یقینی ہے۔

کھرگے نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے سابق میں بھی اس کی کوشش کی تھی لیکن اپوزیشن کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے وہ ناکام رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت یہ ناٹک کررہی ہے۔ ہم نے اس بل کی متحدہ مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ ایس سی / ایس ٹی کے حق میں نہیں ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس بل سے ملک کا بھاری نقصان ہوگا۔

نشستوں کی تعداد 850ہوگئی تو جمہوریت ختم ہوجائے گی۔کانگریس صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکومت حلقوں کی از سر نو حد بندی کی ذمہ داری ”داغدار“ چیف الیکشن کمشنر کو دینا چاہتی ہے۔گیانیش کمار کے دور میں مزید گول مال ہوگا۔ اس شخص پر پہلے ہی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔یہ شخص کچھ بھی کرسکتا ہے۔وہ جنرل نشست کو ایس سی / ایس ٹی یا محفوظ نشست کو جنرل بنا سکتا ہے تاکہ بی جے پی کو فائدہ ہو۔ اپوزیشن قائدین نئی دہلی میں قائد اپوزیشن راجیہ سبھا کے بنگلہ میں اکھٹا ہوئے۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔کھرگے کے علاوہ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی، ٹی ایم سی کے ابھیشیک بنرجی، آزاد رکن راجیہ سبھا کپل سبل، آر جے ڈی کے ابھے کمار سنگھ، منوج جھا، سی پی آئی کے پی سندوش کمار، آئی یو ایم ایل کے ای ٹی محمد بشیر، آر ایس پی کے این کے رامچندرن اور دیگر قائدین نے میٹنگ میں شرکت کی۔

انڈیا بلاک میں شامل این سی پی۔ ایس پی کی طرف سے کوئی بھی قائد میٹنگ میں نہیں آیا کیونکہ سپریہ سولے نے ایک دن قبل کہہ دیا تھا کہ وہ اپنے باپ شرد پوار کی بیماری کی وجہ سے آنہیں سکیں گی۔کانگریس جنرل سکریٹریزجئے رام رمیش، پرینکا گاندھی وڈرا‘ اور کے سی وینوگوپال بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی اور بی جے ڈی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔یہ جماعتیں انڈیا بلاک کا حصہ نہیں ہیں۔ان جماعتوں کی طرف سے کوئی بھی نہیں آیا۔30 نومبر سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

لوک سبھا اجلاس 30نومبر سے اور راجیہ سبھا اجلاس 2دسمبر سے شروع ہوگا۔3 دسمبر کو دونوں اجلاس ختم ہوجائیں گے۔مرکز پیر کے دن نیا دستوری ترمیمی بل پیش کرنے والا ہے جس کی رو سے عورتوں کو ایک تہائی ریزرویشن ملے گا۔آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس صدر ملیکارجن کھر گے نے حلقوں کی ازسر نو حدبندی کے نظر ثانی کردہ بل کے حوالہ سے ہفتہ کے دن مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے مجوزہ قانون کو جمہوریت کے لئے بڑا خطرہ بتایا۔

انہوں نے بی جے پی زیر قیادت حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اختیارات کو اپنے ہاتھوں میں مرکوز کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مرکزی کابینہ نے جمعہ کو بل کی منظوری دی تھی اور یہ 30 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں پیش ہونے والا ہے۔ نئی دہلی میں 10 راجہ جی مارگ والے بنگلہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کھر گے نے کہا کہ انڈیا بلاک قائدین اکھٹا ہوئے اور انہوں نے مجوزہ دستوری ترمیم کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی طرف سے لایا جانے والا بل جمہوریت کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ خطرہ اس لئے ہے کہ حکومت جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتی ہے اور تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں لے لینا چاہتی ہے۔ لوک سبھا نشستوں کی تعداد850 تک بڑھا کر حکومت ہمیشہ کیلئے پاور اپنے ہاتھوں میں لینے کی خواہاں ہے۔ حکومت نہیں چاہتی کہ درج فہرست ذاتوں وقبائل کو ان کا مستحقہ حصہ ملے۔