تاج محل سے دو سو سال قبل نکالی گئی سنگِ مرمر کی تختی کی نیلامی
آگرہ کے تاج محل سے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایک افسر کی جانب سے نکالی گئی پھول دار نقش و نگار سے مزین سنگِ مرمر کی ایک نفیس تختی آئندہ ماہ برطانیہ میں نیلام کی جائے گی۔
لندن (پی ٹی آئی)آگرہ کے تاج محل سے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایک افسر کی جانب سے نکالی گئی پھول دار نقش و نگار سے مزین سنگِ مرمر کی ایک نفیس تختی آئندہ ماہ برطانیہ میں نیلام کی جائے گی۔مستطیل شکل کی یہ تختی ان دو تختیوں میں سے ایک ہے جنہیں کرنل پونال فلپس نے 1816 میں آگرہ اور اس کے اطراف کی تاریخی عمارتوں کی مرمت کے نگران کی حیثیت سے اپنی مدتِ کار مکمل ہونے پر حاصل کیا تھا۔
نیلامی میں اس کی قیمت 20 ہزار سے 30 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 24 سے 36 لاکھ روپے) تک لگنے کا تخمینہ ہے۔اس تختی کو 9 دسمبر کو نیلام گھر لائین اینڈ ٹرن بل کی جانب سے منعقد ہونے والی اسلامی اور ہندوستانی فنون کی نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔نیلامی کے منتظمین کے مطابق سنگِ مرمر کی اس تختی کے ساتھ تاج محل کی ایک قدیم سیاہ و سفید تصویر اور دو خطوط بھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک خط کرنل پونال کے پوتے نے طبع کروایا تھا، جبکہ دوسرا مارکویس آف باتھ کا دست نویس خط ہے۔
کرنل کے بیٹے کی یادداشتوں میں درج ہے کہ ان کے والد کو یہ تختیاں تاج محل کے ایک زیرِ زمین حصے میں ملی تھیں۔ ان کا خیال تھا کہ یہ تختیاں اس مغل یادگار کی مرمت کے لیے تیار کی گئی تھیں۔کرنل پونال فلپس 1780 میں انگلینڈ کے علاقے ڈیون میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق سترہویں صدی کے اوائل سے فوجی خدمات انجام دینے والے خاندان سے تھا۔
انہوں نے 1799 میں بنگال آرمی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے کیڈٹ کی حیثیت سے ملازمت شروع کی۔مصر میں فوجی کارروائیوں میں حصہ لینے کے بعد فلپس ہندوستان واپس آئے، جہاں انہوں نے تیزی سے ترقی کی اور 1809 میں آگرہ میں فورٹ ایڈجوٹنٹ اور بیرک ماسٹر مقرر ہوئے۔ وہ آئندہ سات برس تک اسی عہدے پر فائز رہے۔برطانوی نوآبادیاتی دور میں انہیں تاج محل اور دیگر تاریخی عمارتوں کی دیکھ بھال سمیت متعدد ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
نیلام گھر کے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو نہایت سنجیدگی سے انجام دیتے تھے۔ بعض اوقات انہیں ان یورپی افراد کو تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچانے سے روکنا پڑتا تھا جو وہاں سے یادگاری اشیا حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ان کے بیٹے کی تحریر کے مطابق ایک مرتبہ انہیں تاج محل طلب کیا گیا، جہاں ایک انگریز خاتون، محافظ کی مخالفت کے باوجود، فولادی کانٹے سے سنگِ مرمر میں جڑے عقیق کے نگینے نکالنے پر مصر تھیں۔
1816 میں ہندوستان کے گورنر جنرل نے کرنل فلپس کو زیریں صوبوں میں عمارتوں کا سپرنٹنڈنٹ مقرر کیا، جس کے نتیجے میں انہیں آگرہ چھوڑ کر کلکتہ منتقل ہونا پڑا۔تاہم ہندوستان کے فن اور فنِ تعمیر سے ان کی دلچسپی برقرار رہی۔ انہوں نے ماہر مقامی مصوروں کی ایک ٹیم بھی اپنے ساتھ رکھی، جو ان کے زیرِ نگرانی عمارتوں کی تفصیلی تصاویر تیار کرتی تھی۔1823 میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ برطانیہ واپس چلے گئے، جہاں 1858 میں ان کا انتقال ہوگیا۔
سنگِ مرمر کی یہ تختی دو سو سال سے زیادہ عرصے تک ان کے خاندان کی ملکیت میں رہی۔نیلامی کے نوٹ کے مطابق تختی پر نقش و نگار کا معیار نہایت عمدہ ہے۔ اس کے گرد پھولوں کی جو بیل بنی ہوئی ہے، اس کا ڈیزائن تاج محل میں شاہ جہاں کے مقبرے کے اوپری ہموار حصے کے کنارے پر موجود نقش و نگار سے ماخوذ ہے۔
یہ نقش و نگار شاہ جہاں کی وفات کے بعد 1666 میں تراشے گئے تھے۔تختی کے وسط میں بنے ہوئے بیل دار نقش کا شاہ جہاں کے مقبرے کے اوپری حصے میں موجود بائیں جانب کے نقش سے بھی گہرا مماثل پایا جاتا ہے، البتہ اس میں کچھ اضافی آرائش اور ایک زائد پھول کا اضافہ کیا گیا ہے۔