کھیل

انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا

ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 15 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مسلسل دو گیندوں پر جیمز نیشم اور میٹ ہنری کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچ گئے۔

دفاعی چیمپئن ٹیم  انڈیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارت نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ خبریں
نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیت لی
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے فوج سے مدد مانگ لی
ڈراویڈ کا اضافی 2.5 کروڑ روپئے بونس لینے سے انکار
دوردرشن ٹی 20 ورلڈ کپ اور دیگر کھیل براہ راست ٹیلی کاسٹ نشر کرے گا
نیدرلینڈ نے ٹی-20 ورلڈ کپ ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں

انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 255 رنز کا بڑا اسکور بنایا، جس کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ میں آ گئی۔

انڈیا اوپنر سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز بنائے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 52 رنز اور ایشان کشن نے 54 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ آخر میں شیوم دوبے نے تیز رفتار رنز بنا کر بھارت کا مجموعی اسکور 255 تک پہنچایا۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ بھارتی بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔

اکشر پٹیل نے پاور پلے میں ہی خطرناک بیٹر فن ایلن کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد انہوں نے گلین فلپس کو بھی آؤٹ کر دیا۔ جلد ہی جسپریت بمراہ نے راچن رویندرا کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔

پاور پلے میں تین اہم وکٹیں گرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ اگرچہ ٹم سیفرٹ نے 52 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن دیگر بلے باز بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔

بعد میں ورون چکرورتی نے سیفرٹ کو آؤٹ کیا جبکہ ہارڈک پانڈیا نے مارک چیپ مین کو پویلین بھیج دیا۔ صرف 72 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی شکست تقریباً یقینی ہو گئی۔

کیوی کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز جبکہ ڈیرل مچل نے 17 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی، لیکن بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔

ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 15 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مسلسل دو گیندوں پر جیمز نیشم اور میٹ ہنری کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچ گئے۔

آخرکار نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ ابھیشیک شرما کے اوور میں گری اور یوں بھارت نے 96 رنز سے کامیابی حاصل کر کے تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پچھلی ناکامیوں اور فائنل کے دباؤ کو بھی ختم کر دیا۔