ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز1-2 سے جیت لی
سوریا کمار یادو اور سابق کپتان و یراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو 6 وکٹس سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

حیدرآباد: سوریا کمار یادو اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو 6 وکٹس سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
ہندوستان کو جیت کیلئے 187 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 19.5 اوورس میں 4 وکٹس کھوکر بنالئے۔ ہندوستان نے 30 رن پر اپنے دونوں اوپنرس کو کھودیا تھا تاہم سوریا کمار یادو اور ویراٹ کوہلی نے تیسری وکٹ کیلئے 103 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط موقف میں پہنچایا۔
سوریا کمار یادو نے 36 گیندوں میں 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 69 جبکہ کوہلی نے 48 گیندوں میں 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 63 رن اسکور کئے۔ آل راونڈر ہاردیک پانڈیا 25 اور دنیش کارتک ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کیلئے ڈینیل سیمس نے 2 جبکہ جوش ہیزلووڈ اور پیاٹ کمنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سلامی بلے باز کیمرون گرین اور ٹم ڈیویڈ کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے 186 رن بنائے۔ کیمرون گرین نے جارحانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے محض 21 گیندوں میں 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رن بنائے جبکہ ٹم ڈیویڈ نے بھی دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں میں 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 54 رن بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ڈینیل سیمس 28 اور جوش انگلس نے 24 رن اسکور کئے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اچھی شروعات کے باوجود ایک موقع پر 117 رنوں پر اپنے 6 وکٹس گنواچکی تھی تاہم ٹم ڈیویڈ اور ڈینیل سیمس نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کیلئے 68 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں مدد دی۔ ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل نے 3 جبکہ بھونیشور کمار‘ چہل اور ہرشل پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بمراہ نے 4 اوورس میں 50 رن دیئے۔