شمالی بھارت

سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو 7 سال کی سزا

سینئر سماج وادی پارٹی قائد اور سابق وزیر محمد اعظم خان کو یوپی کے ضلع رامپور کی ایک خصوصی عدالت نے ڈونگرپور معاملہ میں 7 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔

رامپور: سینئر سماج وادی پارٹی قائد اور سابق وزیر محمد اعظم خان کو یوپی کے ضلع رامپور کی ایک خصوصی عدالت نے ڈونگرپور معاملہ میں 7 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران اعظم خان کو پانچویں کیس میں سزا سنائی گئی ہے۔ وہ پہلے سے جیل میں ہیں۔ رامپور کی ایم پی۔ ایم ایل اے عدالت نے اعظم خان اور دیگر تین افراد، ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) آلِ حسن، کنٹراکٹر برکت علی اور ایک شخص اظہر علی کو جمعہ کے روز قصوروار قرار دیا تھا۔

عدالت نے انہیں پانچ پانچ سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ اس کیس کے دیگر تین ملزمین زبران، فرمان اور اومیندر چوہان کو عدالت نے شواہد کی کمی کی بنا پر الزامات منسوبہ سے بری کردیا۔ استغاثہ کے بموجب یہ واقعہ 2016 میں پیش آیا تھا لیکن تین سال بعد کیس درج کیا گیا۔

2019 میں درج کرائی گئی شکایت میں احتشام خان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے 2011-12 میں رامپور کے ضلع ڈونگرپور میں ایک قطعہ اراضی خریدا تھا تاکہ ایک اسکول قائم کرسکیں۔ اِس زمین کے ایک حصہ پر انہوں نے گھر تعمیر کیا تھا اور اپنے خاندان کے ساتھ وہاں رہنے لگے تھے۔

3/فروری 2016کی شام کو اظہر خان، آلِ حسن اور برکت علی 20 تا25 پولیس ملازمین کے ساتھ زبردستی ان کے گھر میں داخل ہوگئے، ان کے خاندان والوں کو گھسیٹ کر باہر نکالا، گھریلو اشیاء کو توڑ پھوڑ کی اور جائیداد پر بلڈوزر چلادیا۔احتشام نے الزام لگایا تھا کہ ملزمین نے ان کے گھر سے 25 ہزار روپے نقد اور ایک سیل فون لوٹ لیا تھا۔

ملزمین نے ان سے کہا تھا کہ اعظم خان ووٹ نہ دینے پر ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ یہ سلوک کیا جارہا ہے۔ بعدازاں اِس واقعہ کی شکایت کرنے وہ اعظم خان کے پاس گئے تھے۔ اس وقت سیاسی لیڈر اور دیگر نے انہیں گالی گلوج کی اور قید کرادینے کی دھمکی بھی دی تھی۔

اعظم خان کو جملہ 7 سال کی قید اور 8 لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء سنائی گئی ہے جبکہ دیگر 3 ملزمین کو پانچ پانچ سال کی سزا اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ تین ملزمین کو شواہد کی کمی کے سبب بری کردیا گیا ہے۔ ایم پی۔ ایم ایل اے عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج وجئے کمار نے 16 / مارچ کو اعظم خان کو مجرم قرار دیا تھ۔

a3w
a3w