قومی

مودی کے جانے کے بعد ہی ہندوستانیوں کو ویزا راحت ملے گی: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اُس کی خارجہ پالیسی میں ایمرجنسی لگی ہے اور وہ ملک کو من مانی ٹیرف اور ویزا فیس سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہی۔

لکھنؤ (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اُس کی خارجہ پالیسی میں ایمرجنسی لگی ہے اور وہ ملک کو من مانی ٹیرف اور ویزا فیس سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت بیرونی ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کو پرتشدد حملوں سے بچانے میں بھی ناکام ہوچکی ہے۔ ہفتہ کے دن مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر پوسٹ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں رکھ پارہی ہے۔

وہ ملک کی تاریخی غیرجانبدارانہ پالیسی کا پاس و لحاظ نہیں رکھ رہی ہے۔ وہ سمندر پار ہندوستانیوں کو ہتھکڑی، بیڑی، کھلے عام بے عزتی اور پرتشدد حملوں سے بچانہیں پارہی ہے۔ وہ دہشت گردی کے معاملہ میں کسی بھی ملک کو اپنے ساتھ نہیں لاپارہی ہے۔

ہندی میں پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے خارجہ پالیسی کو پرے رکھ دیا۔ لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات چیت میں سماج وادی پارٹی سربراہ نے امریکہ میں H-1B ویزا کی فیس میں اضافہ پر مرکز کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مرکز کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔

اس کی معاشی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ دیگر ممالک سے تعلقات استوار کرنے میں بھی وہ ناکام ہوچکی ہے۔ اکھلیش یادو نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کے ہاتھوں میں بندوق رہے، کتابیں نہیں۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ یاد رکھئے یوگی آدتیہ ناتھ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی بیرون ملک جائے، پڑھے اور کام کرے۔ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ لوگ بندوق چلائیں۔