انڈیگو انتظامی بحران میں شدت : ملک بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ، ہزاروں مسافر پریشان
بحران کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ درجنوں نہیں بلکہ سیکڑوں پروازیں اچانک منسوخ کر دی گئیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر بری طرح پھنس گئے اور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
حیدرآباد: ملک کی سب سے بڑی گھریلو ایئرلائن انڈیگو (IndiGo) کا انتظامی بحران آج آٹھویں دن بھی برقرار رہا، جس کے باعث ملک بھر میں ہوائی سفر کا نظام درہم برہم ہوتا جا رہا ہے۔
بحران کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ درجنوں نہیں بلکہ سیکڑوں پروازیں اچانک منسوخ کر دی گئیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر بری طرح پھنس گئے اور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج مجموعی طور پر 58 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ان میں 44 روانگیاں شامل ہیں جبکہ 14 پروازیں جو حیدرآباد پہنچنے والی تھیں، انہیں بھی منسوخ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز یہ تعداد 77 تک پہنچ گئی تھی—جس میں 38 آمد اور 39 روانگی کی سروسز شامل تھیں۔
بحران کا اثر صرف حیدرآباد تک محدود نہیں رہا۔ وشاکھاپٹنم سے بھی آج 6 انڈیگو پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں ایک بنگلورو اور ایک حیدرآباد جانے والی فلائٹس شامل ہیں۔
دیگر بڑے ایئرپورٹس پر بھی صورتحال نہایت خراب رہی: چینائی ایرپورٹ 41 پروازیں منسوخ اور بنگلورو ایئرپورٹ 121 پروازیں منسوخ ہوئی۔
ان اچانک اور مسلسل منسوخیوں نے ملک بھر میں ایئر ٹریول کرنے والے مسافروں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ مختلف ایئرپورٹس پر طویل قطاریں، معلومات کا فقدان، شدید بے چینی، اور گھنٹوں انتظار مسافروں کے لیے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ کئی مسافر اپنے شیڈول، ٹرانزٹ کنکشنز اور ضروری سفری منصوبوں کے متاثر ہونے پر غم و غصے کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
انڈیگو انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک بحران کی مکمل وجہ یا اس کے خاتمے کی واضح ٹائم لائن سامنے نہیں آ سکی، جس سے صورتحال مزید تشویشناک بنتی جا رہی ہے۔