ایشیاء
انڈیگو کی جدہ پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ
انڈیگو کے پائلٹ نے کراچی اے ٹی سی سے ربط پیدا کیا کیونکہ آکسیجن دینے کے باوجود مسافر کی طبیعت میں کوئی سدھار نہیں آرہا تھا۔
کراچی: جدہ جانے والی انڈیگو فلائٹ کو میڈیکل ایمرجنسی کے باعث پاکستان کے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایرپورٹ میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ نئی دہلی سے اُڑان بھرنے کے بعد یہ پرواز پاکستان کی فضائی حدود سے گزررہی تھی کہ ایک مرد مسافر شدید بیمار پڑگیا۔
میڈیا کے بموجب 55 سالہ مسافر ہندوستانی شہری ہے۔ انڈیگو کے پائلٹ نے کراچی اے ٹی سی سے ربط پیدا کیا کیونکہ آکسیجن دینے کے باوجود مسافر کی طبیعت میں کوئی سدھار نہیں آرہا تھا۔
اے ٹی سی نے انسانی بنیادوں پر طیارہ کو کراچی میں لینڈنگ کی اجازت دی۔ میڈیکل ٹیم نے طیارہ کے اندر جاکر مسافر کا ایمرجنسی علاج کیا۔ مسئلہ حل ہونے کے بعد طیارہ جدہ کا سفر جاری رکھنے کے بجائے دہلی لوٹ گیا۔