اندور کے شخص نے لیو۔ان۔ پارٹنر کی لاش سڑک پر چھوڑ دی
مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک 53 سالہ شخص نے اپنی لیو۔ان۔ پارٹنر کی لاش تین دن تک گھر میں رکھی اور بعدازاں اسے ایک تھیلے میں ٹھونس کر اسے سڑک پر چھوڑ دیا کیونکہ خاتون کی آخری رسومات کیلئے اس کے پاس رقم نہیں تھی۔
اندور: مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک 53 سالہ شخص نے اپنی لیو۔ان۔ پارٹنر کی لاش تین دن تک گھر میں رکھی اور بعدازاں اسے ایک تھیلے میں ٹھونس کر اسے سڑک پر چھوڑ دیا کیونکہ خاتون کی آخری رسومات کیلئے اس کے پاس رقم نہیں تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نندنی شرما نے بتایا کہ 57 سالہ خاتون کی مسخ شدہ لاش اتوار کے روز چندن نگر علاقہ میں ایک لاوارث تھیلے میں پائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے جسم پر زخم کا کوئی نشان نہیں پایا گیا، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ وہ جگر سے متعلق عوارض میں مبتلا تھی اور طویل عرصہ سے بیمار تھی۔اس کی موت طبعی تھی۔
یہ خاتون گزشتہ 10 سال سے اس شخص کے ساتھ رہ رہی تھی۔پولیس نے یہاں راج محلہ علاقہ میں ایک باغ میں اس شخص کو پایا اور وہ ذہنی طور پر کمزور معلوم ہورہا ہے۔
پڑوسیوں نے اس کے گھر سے بدبو آنے کی بھی شکایت کی تھی۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ اس شخص نے تین دن تک لاش گھر میں رکھی تھی۔
پڑوسیوں نے جب بدبو آنے کی شکایت کی تو اس نے ہفتہ کی شب لاش کو ایک تھیلے میں بھردیا اور اسے اپنے گھر سے تقریبا 200 میٹر دور لے جاکر چھوڑ دیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ اس شخص کے مطابق اس کے پاس آخری رسومات کیلئے پیسے نہیں تھے یہی وجہ ہے کہ اس نے لاش کو سڑک پر چھوڑ دیا۔