حیدرآباد میں بین الاقوامی منشیات ریاکٹ بے نقاب، 2 نائیجیرین شہری اور ایک فاریکس ایجنٹ گرفتار
تلنگانہ اینٹی نارکوٹکس بیورو (TGANB) اور سائبرآباد پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں ایک بڑے بین الاقوامی منشیات ریکیٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان میں دو نائیجیرین شہری اوگوو ایکیچک وو عرف "ایما"، چُکو اوگبونا عرف "بگ جو"، اور ایک مقامی فاریکس ایجنٹ محمد متین صدیقی شامل ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی نارکوٹکس بیورو (TGANB) اور سائبرآباد پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں ایک بڑے بین الاقوامی منشیات ریکیٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان میں دو نائیجیرین شہری اوگوو ایکیچک وو عرف "ایما”، چُکو اوگبونا عرف "بگ جو”، اور ایک مقامی فاریکس ایجنٹ محمد متین صدیقی شامل ہیں۔
حکام نے گرفتار افراد کے قبضے سے 15 گرام کوکین، 50 گرام ایم ڈی ایم اے اور 45 ہزار روپے نقد برآمد کیے ہیں۔ یہ منشیات ایک فعال بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ تھیں، جو بھارت اور امریکہ میں سرگرم تھا، اور حاصل شدہ منافع نائیجیریا منتقل کیا جا رہا تھا۔
تحقیقات کے مطابق اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ڈیوائن ایبوکا سوزی ہے، جو سیاحتی ویزا پر بھارت آیا تھا۔ اس نے اپنے بھائی ایزونیلی فرینکلن اوچینا کے ساتھ مل کر حیدرآباد، بنگلورو اور دیگر بڑے شہروں میں منشیات کی فراہمی کا نظام قائم کیا۔
ایما نے امریکہ میں خواتین سے سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ سائٹس پر تعلقات قائم کیے، جن سے وہ بینک اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرتا۔ ان معلومات کے ذریعے امریکہ میں گاہکوں سے منشیات کی ادائیگی کروائی جاتی تھی۔
منشیات سے حاصل شدہ رقم غیر قانونی طور پر نائیجیریا منتقل کی جاتی تھی۔ اس مقصد کے لیے فاریکس ایجنٹ محمد متین صدیقی نے امریکہ میں بینک اکاؤنٹس فراہم کیے۔ امریکہ سے موصول شدہ رقوم بھارت منتقل کی جاتیں، جنہیں ایما، بگ جو کے ذریعے ممبئی میں موجود دیگر نائیجیرین افراد کو پہنچاتا۔ وہاں سے یہ رقم بالآخر نائیجیریا بھیجی جاتی۔
پولیس نے اس نیٹ ورک پر کئی دنوں تک خفیہ نگرانی کی اور ثبوت اکٹھے کیے۔ ہفتے کے روز کی گئی کارروائی کے دوران اس ریکیٹ کو بے نقاب کر کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
TGANB نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں، خاص طور پر غیر ملکیوں کی مالی لین دین یا نقدی کی کثرت پر نظر رکھیں۔ مکان مالکان، ہوٹل منیجرز اور فاریکس اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شناختی تفصیلات اور لین دین کی مکمل جانچ کے بعد ہی خدمات فراہم کریں، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
حکام کے مطابق ریاست میں 371 غیر ملکی طلبہ ویزا ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، جبکہ 18,000 سے زائد طلبہ کی تفصیلات فارن اسٹوڈنٹس انفارمیشن سسٹم (FSIS) میں اپڈیٹ نہیں کی گئی ہیں۔ تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی معلومات باقاعدگی سے اپڈیٹ کریں۔
یہ کامیاب کارروائی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ریاستی ادارے منشیات اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم کے خلاف پوری طرح سرگرم ہیں۔ عوام کے تعاون سے تلنگانہ کو ایک محفوظ اور منشیات سے پاک ریاست بنایا جا سکتا ہے۔