امریکہ و کینیڈا

نیویارک سے ایم ایس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کی تلاش میں تھی اکشیتا، بہتر مستقبل کے خواب ادھورے رہ گئے

بیٹی کے روشن مستقبل کے لیے والدین نے جو امیدیں وابستہ کی تھیں، وہ اس کی اچانک موت کے ساتھ ہی ٹوٹ گئیں۔ والدین کا غم اور ان کی آہ و بکا ہر ایک کو غمزدہ کررہی ہے۔

تلنگانہ    : تلنگانہ کے ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والی نوجوان طالبہ نلامالا اکشیتا کی امریکہ میں دل کا دورہ پڑنے سے موت کی خبر نے اہلِ خانہ اور متعلقین کو غم میں مبتلا کردیا۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور بہتر مستقبل بنانے کے ارادے سے امریکہ جانے والی اکشیتا کی اچانک موت سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، اکشیتا نے نیویارک میں اپنی ایم ایس (ماسٹر آف سائنس) کی تعلیم مکمل کرلی تھی اور تعلیم کے بعد امریکہ میں ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کررہی تھی۔ اسی دوران اس کی اچانک موت واقع ہوگئی۔ دل کا دورہ پڑنے کو اس کی موت کی وجہ بتایا جارہا ہے۔

اکشیتا کے والدین نے اپنی بیٹی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے خواب کے ساتھ بیرونِ ملک بھیجا تھا، لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کی بیٹی کبھی واپس نہ آنے والی دنیا میں چلی جائے گی۔

بیٹی کے روشن مستقبل کے لیے والدین نے جو امیدیں وابستہ کی تھیں، وہ اس کی اچانک موت کے ساتھ ہی ٹوٹ گئیں۔ والدین کا غم اور ان کی آہ و بکا ہر ایک کو غمزدہ کررہی ہے۔