دہلی

اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر خاتون دوست کے ساتھ بائیک اسٹنٹ کرنے والے نوجوان کی پولیس نے عقل ٹھکانے لگادی (ویڈیو)

پولیس نے موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت لاپرواہی سے سواری کرنے اور بغیر ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کے گاڑی کے استعمال پر مقدمہ درج کرکے اپنی تحقیقات شروع کردی ہے۔

نئی دہلی: دہلی سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اسپائیڈرمین کاسٹیوم پہن کر موٹر سائیکل پر اسٹنٹ کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اسٹنٹ کرتے وقت ان کی ایک خاتون دوست بھی ان کے ساتھ تھی اور اس نے بھی اسپائیڈر مین کا لباس پہنا ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں
نوجوان کو موٹر سائیکل سمیت جلایا گیا
لکھنؤ میں خاتون اور بیٹے پر دو افراد نے ایسڈ ڈال دیا

گزشتہ کچھ دنوں سے ان دونوں کا اسٹنٹ کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دونوں ہیلمٹ پہنے بغیر سڑک پر اسٹنٹ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ پولیس نے اب اس ویڈیو کی بنیاد پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ واقعہ دہلی کے نجف گڑھ علاقہ کا بتایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ نوجوان کس طرح بغیر ہیلمٹ کے سڑک پر اسٹنٹ کر رہا ہے۔ ملزم نے جس موٹر سائیکل کو اسٹنٹ کرنے کے لیے استعمال کیا اس پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی۔

 اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے اس موٹر سائیکل سوار کی تلاش شروع کردی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں اسٹنٹ کرتے نظر آنے والا نوجوان 20 سالہ آدتیہ ہے۔ جبکہ اس کی دوست انجلی اس کے ساتھ تھی۔ پولیس کے مطابق انجلی کی عمر 19 سال ہے اور وہ نجف گڑھ کی رہنے والی بھی ہے۔

فی الحال، پولیس نے موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت لاپرواہی سے سواری کرنے اور بغیر ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کے گاڑی کے استعمال پر مقدمہ درج کرکے اپنی تحقیقات شروع کردی ہے۔

 پولیس کے مطابق جس موٹر سائیکل پر دونوں ملزمان نے اسٹنٹ کیا اس میں سائیڈ مرر بھی نہیں تھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ موٹر سائیکل چلانے والے نوجوان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔